اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں صرف 8 گھنٹے گیس فراہم کی جائے گی،شیڈول جاری
سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے ایل این جی کی دستیابی میں کمی اور موسم سرما کے دوران گیس کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں گھریلو صارفین کے لیے گیس کی فراہمی روزانہ صرف 3 مخصوص اوقات تک محدود کردی ہے۔
نئے شیڈول کا اطلاق بدھ 4 نومبر سے کیا گیا ہے، جس کے تحت گھریلو صارفین کو مجموعی طور پر روزانہ 8 گھنٹے گیس فراہم کی جائے گی، جبکہ باقی 16 گھنٹوں کے دوران معمول کے مطابق گیس کی فراہمی دستیاب نہیں ہوگی۔
گیس کی فراہمی کا نیا شیڈول
صبح: 6 بج کر 30 منٹ سے 9 بجے تک
دوپہر: 12 بجے سے 2 بج کر 30 منٹ تک
شام: 6 بجے سے رات 9 بجے تک
سوئی ناردرن کے مطابق گیس کی فراہمی کے لیے ان اوقات کا انتخاب گھریلو صارفین کی کھانا پکانے کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ایل این جی کی دستیابی میں کمی اور سردیوں میں گیس کی کھپت بڑھنے سے فراہمی کا نظام دباؤ کا شکار ہے۔
حکومت نے گیس کے محدود ذخائر کے پیش نظر گھریلو صارفین کو دیگر شعبوں پر ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ناشتے، دوپہر اور رات کے کھانے کی تیاری کے دوران گیس کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے۔
دوسری جانب سوئی ناردرن نے سی این جی سیکٹر کو فراہم کی جانے والی گیس کی مقدار بھی کم کردی ہے۔
نئے فیصلے کے تحت سی این جی سیکٹر کی یومیہ گیس فراہمی 50 ملین مکعب فٹ سے کم کرکے 35 ملین مکعب فٹ کردی گئی ہے۔
حکام کے منصوبے کے مطابق آئندہ چند روز میں سی این جی سیکٹر کو گیس کی فراہمی مکمل طور پر بند کرنے کا بھی امکان ہے۔
گیس کی تقسیم کے نئے انتظامات کا مقصد دستیاب محدود وسائل کو منظم کرنا اور سردیوں کے دوران گھریلو صارفین کی بنیادی ضروریات کو ترجیح دینا ہے۔