Sports

کوہلی نے نئی تاریخ رقم کردی، نمبر 3 پر 13 ہزار رنز بنانے والے پہلے بیٹر بن گئے

کوہلی نے  نئی تاریخ رقم کردی، نمبر 3 پر 13 ہزار رنز بنانے والے پہلے بیٹر بن گئے
۱ منٹ پہلے

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سٹار بیٹر ویرات کوہلی نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں ایک اور تاریخی اعزاز اپنے نام کرلیا، وہ ون ڈے کرکٹ میں تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 13 ہزار رنز مکمل کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ 

37 سالہ ویرات کوہلی نے یہ سنگ میل نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ کے ایڈن پارک میں کھیلے گئے سیریز کے افتتاحی مقابلے کے دوران عبور کیا۔ 

اس تاریخی ریکارڈ تک پہنچنے کے لیے کوہلی کو صرف 12 رنز درکار تھے، جو انہوں نے اپنی اننگز کی 13ویں گیند پر مکمل کرلیے۔ 

بھارتی بیٹر نے نمبر تین کی پوزیشن پر محض 251 اننگز میں 13 ہزار رنز بنانے کا منفرد کارنامہ انجام دیا۔ 

اس پوزیشن پر بیٹنگ کرتے ہوئے ویرات کوہلی کی اوسط 61.55 رہی ہے، جبکہ وہ 48 سنچریز اور تقریباً 70 نصف سنچریز بھی سکور کرچکے ہیں۔ 

ون ڈے انٹرنیشنل میں تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ 12 ہزار 662 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ 

سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا 9 ہزار 747 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، جبکہ جنوبی افریقا کے سابق آل راؤنڈر جیک کیلس 7 ہزار 774 رنز کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر موجود ہیں۔ 

نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن 6 ہزار 504 رنز کے ساتھ اس فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں۔ 

کوہلی کے قریب موجود کئی نمایاں کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوچکے ہیں، جبکہ موجودہ کرکٹرز کے لیے ان کے ریکارڈ تک پہنچنا ایک بڑا چیلنج ہے۔ 

پاکستان کے 32 سالہ بیٹر بابر اعظم اس پوزیشن پر 6 ہزار 54 رنز بناچکے ہیں، جبکہ انگلینڈ کے 35 سالہ جو روٹ کے 5 ہزار 525 رنز ہیں۔ 

اس طرح دونوں کھلاڑی ویرات کوہلی کے 13 ہزار رنز کے تاریخی سنگ میل سے تقریباً 7 ہزار رنز پیچھے ہیں، جس کے باعث اس ریکارڈ کو توڑنا انتہائی مشکل دکھائی دیتا ہے۔ 

ویرات کوہلی کی رواں سال 2026 میں بھی ون ڈے کرکٹ میں کارکردگی نمایاں رہی ہے۔ 

نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز شروع ہونے سے قبل وہ 9 اننگز میں 552 رنز بناچکے تھے، جن میں 2 سنچریز اور 3 نصف سنچریز شامل تھیں۔ 

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں حاصل ہونے والا یہ اعزاز ان کے بین الاقوامی کیریئر میں ایک اور اہم ریکارڈ کا اضافہ ہے اور نمبر تین پر ان کی مسلسل عمدہ کارکردگی کو ظاہر کرتا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں