بھارتی گلوکارہ کنیکا کپور نے چار سال بعد دوسرے شوہر سے علیحدگی کا اعلان کردیا
بالی ووڈ کی معروف گلوکارہ کنیکا کپور نے اپنے دوسرے شوہر، کاروباری شخصیت گوتم ہتھیرا رمانی سے چار سالہ ازدواجی زندگی کے بعد علیحدگی کا اعلان کردیا ہے۔
گلوکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری پر جاری بیان میں بتایا کہ دونوں نے باہمی سوچ بچار کے بعد الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ ایک ساتھ گزارے گئے وقت پر شکر گزار ہیں۔
کنیکا کپور نے گوتم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دوستوں اور اہل خانہ سے درخواست کی کہ وہ اس مشکل وقت میں ان کی نجی زندگی کا احترام کریں۔
کنیکا اور گوتم کی شادی 20 مئی 2022 کو لندن میں ایک نجی تقریب میں ہوئی تھی۔ دونوں شادی سے کئی برس پہلے ایک دوسرے کو جانتے تھے اور اطلاعات کے مطابق ان کا تعلق تقریباً 15 سال پر محیط تھا۔
گلوکارہ اس سے قبل انکشاف کرچکی ہیں کہ انہوں نے گوتم کو دو مرتبہ شادی کی پیشکش کی تھی، پہلی بار 2014 اور دوسری بار 2020 میں۔
گوتم سے کنیکا کی یہ دوسری شادی تھی۔ اس سے قبل انہوں نے 1998 میں صرف 18 برس کی عمر میں تاجر راج چندوک سے شادی کی تھی، جن سے ان کے تین بچے ہیں۔
کنیکا کپور کو 2014 میں فلم ’راگنی ایم ایم ایس 2‘ کے گانے ’بے بی ڈول‘ سے غیر معمولی شہرت ملی۔ بعد ازاں انہوں نے ’دیسی لک‘ اور فلم ’اڑتا پنجاب‘ کے گانے ’دا ڈا ڈسے‘ سمیت کئی مقبول بالی ووڈ گیت گائے۔