پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کا فیصلہ، پہلے مرحلے کی پولنگ 7 فروری کو ہوگی
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے صوبے میں پہلے مرحلے کی پولنگ کے لیے 7 فروری 2027 کی تاریخ مقرر کردی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری مختصر حکم نامے کے مطابق یہ فیصلہ پنجاب حکومت کی درخواست اور انتظامی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا عمل شفاف، منصفانہ اور منظم انداز میں مکمل کیا جاسکے۔
حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ چیف سیکریٹری پنجاب نے الیکشن کمیشن کے سامنے مؤقف اختیار کیا تھا کہ صوبائی حکومت کی کمیٹی اور الیکشن کمیشن کے درمیان باہمی مشاورت کے دوران بلدیاتی انتخابات دسمبر 2026 سے جنوری 2027 کے درمیان کرانے پر اتفاق ہوا تھا۔
تاہم چیف سیکریٹری پنجاب نے درخواست کی کہ موسم کی صورتحال اور انتظامی امور کو مدنظر رکھتے ہوئے انتخابات کی تاریخ ترجیحاً 20 جنوری 2027 کے بعد مقرر کی جائے۔
چیف سیکریٹری نے یہ استدعا بھی کی تھی کہ صوبے بھر میں بلدیاتی انتخابات ایک ہی وقت میں کرانے کے بجائے مرحلہ وار منعقد کیے جائیں تاکہ انتظامی معاملات کو بہتر انداز میں سنبھالا جاسکے۔
الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ آئین اور قانون کے مطابق شفاف، منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کا انعقاد کمیشن کی بنیادی آئینی ذمہ داری ہے۔
کمیشن نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انتخابی عمل کے دوران تمام امیدواروں کو یکساں مواقع اور مساوی انتخابی ماحول، یعنی لیول پلیئنگ فیلڈ، فراہم کرنا ضروری ہے۔
الیکشن کمیشن نے چیف سیکریٹری پنجاب کی درخواست منظور کرتے ہوئے مرحلہ وار انتخابات کے فریم ورک کے تحت پہلے مرحلے کی پولنگ 7 فروری 2027 کو کرانے کی ہدایت جاری کردی۔
حکم نامے کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے بعد کے مراحل کا شیڈول اور دیگر متعلقہ تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔