Pakistan

پولیو سے پاک پاکستان بڑا چیلنج، ہمارا عزم اس سے زیادہ مضبوط ہے: وزیراعظم

پولیو سے پاک پاکستان بڑا چیلنج، ہمارا عزم اس سے زیادہ مضبوط ہے: وزیراعظم
۱ منٹ پہلے

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو پولیو سے پاک بنانا ایک بڑا چیلنج ضرور ہے، تاہم حکومت کا عزم اور حوصلہ اس چیلنج سے کہیں زیادہ مضبوط ہے۔ 

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیو کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں پولیو کی موجودہ صورتحال، حالیہ کیسز اور بیماری کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ 

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ملک میں سامنے آنے والے حالیہ پولیو کیسز پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پہلے سے زیادہ مؤثر حکمت عملی اور مسلسل جدوجہد کی ضرورت ہے۔ 

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ تمام صوبوں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مشاورت اور مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے پولیو کے خاتمے کے لیے اقدامات مزید مؤثر بنائے جائیں۔ 

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ایک ہفتے کے اندر تمام صوبوں سے مشاورت مکمل کرکے انسداد پولیو کا ایک مربوط اور جامع لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی۔ 

اجلاس میں ملک بھر میں معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے ویکسینیشن کی شرح مزید بہتر بنانے پر زور دیا، بالخصوص ان علاقوں میں جہاں پولیو کے کیسز سامنے آرہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ بچوں کو پولیو سمیت دیگر بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج بہتر بنانا نہایت ضروری ہے۔ 

وزیراعظم شہباز شریف نے پولیو مہمات کے دوران خدمات انجام دینے والے ورکرز کی حفاظت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی اور واضح کیا کہ انسداد پولیو ورکرز کی سکیورٹی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ 

اجلاس میں پولیو کے خاتمے کے لیے صوبوں کے ساتھ رابطہ کاری مضبوط بنانے، ویکسینیشن کی کوریج بہتر کرنے اور مؤثر قومی حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں