Pakistan

پشاور سے شوہر کے ہمراہ سوات آنے والی خاتون سے اجتماعی زیادتی، 2 پولیس اہلکار گرفتار

پشاور سے شوہر کے ہمراہ سوات آنے والی خاتون سے اجتماعی زیادتی، 2 پولیس اہلکار گرفتار
۱ منٹ پہلے

خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں پشاور سے اپنے شوہر کے ہمراہ آنے والی خاتون کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کے واقعے میں پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ فراہم کردہ پولیس معلومات کے مطابق دونوں گرفتار ملزمان کا تعلق بھی محکمہ پولیس سے بتایا گیا ہے۔ 

واقعہ تھانہ رحیم آباد کی حدود میں پیش آیا۔ متاثرہ خاتون، جن کی شناخت ظاہر نہ کرتے ہوئے انہیں مسماۃ ’ع‘ کے نام سے درج کیا گیا ہے، اپنے شوہر کے ہمراہ پشاور سے سوات آئی ہوئی تھیں۔ 

متاثرہ خاتون نے گزشتہ شب تھانہ رحیم آباد میں رپورٹ درج کراتے ہوئے الزام عائد کیا کہ موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے انہیں اور ان کے شوہر کو نشانہ بنایا۔ 

ابتدائی پولیس معلومات کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر خاتون اور ان کے شوہر کو ایک ہوٹل کے کمرے میں لے گئے، جہاں دونوں افراد نے خاتون کو باری باری جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ 

متاثرہ خاتون نے اپنی شکایت میں مزید الزام عائد کیا کہ واقعے کے بعد ملزمان نے انہیں اور ان کے شوہر کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور خبردار کیا کہ اگر انہوں نے کسی کو اس بارے میں بتایا تو انہیں جان سے مار دیا جائے گا۔ 

واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات محمد عمر خان نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس حکام کو ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔ 

ایس ایچ او تھانہ رحیم آباد زاہد اللہ خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا اور دونوں کو گرفتار کرلیا۔ 

پولیس معلومات اور ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت واحد محمود ولد بادشاہ محمد، ساکن الہ ڈھنڈ، بٹ خیلہ، ملاکنڈ، اور محمد غضنفر ولد محمد صفدر، ساکن چمکنی، پشاور، کے ناموں سے ہوئی ہے۔ دونوں ملزمان کا تعلق محکمہ پولیس سے بتایا گیا ہے۔ 

پولیس نے متاثرہ خاتون کی مدعیت میں تھانہ رحیم آباد میں متعلقہ قانونی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ 
 

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں