Pakistan

پنجاب کے 2 حلقوں میں ضمنی انتخابات، پاک فوج اور رینجرز کی تعیناتی منظور

پنجاب کے 2 حلقوں میں ضمنی انتخابات، پاک فوج اور رینجرز کی تعیناتی منظور
۱ منٹ پہلے

وفاقی حکومت نے پنجاب کے دو حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پاک فوج اور پاکستان رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔ دونوں فورسز 7 سے 9 نومبر تک سکیورٹی فرائض انجام دیں گی۔ 

وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی درخواست پر پاک فوج اور رینجرز کی تعیناتی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ 

نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان رینجرز دوسرے درجے کی ردعمل فورس کے طور پر خدمات انجام دے گی، جبکہ پاک فوج کو تیسرے درجے کی ردعمل فورس کے طور پر تعینات کیا جائے گا۔ 

دونوں فورسز پولنگ کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور ضرورت پڑنے پر فوری کارروائی کے لیے تیار رہیں گی۔ 

پنجاب کے دونوں حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ 8 نومبر کو ہوگی۔ ان میں قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ ون اور پنجاب اسمبلی کا حلقہ پی پی 203 ساہیوال سکس شامل ہیں۔ 

حکام کے مطابق الیکشن کمیشن تعینات کیے جانے والے اہلکاروں کی تعداد اور ان کی مخصوص مقامات پر تعیناتی کا فیصلہ سکیورٹی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کرے گا۔ 

پاک فوج اور رینجرز کی تعیناتی کا بنیادی مقصد ضمنی انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنا، کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنا اور پولنگ کا عمل پُرامن انداز میں مکمل کرانا ہے۔ 

سکیورٹی انتظامات پولنگ سے ایک روز قبل شروع ہوں گے اور انتخابات کے اگلے روز تک جاری رہیں گے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں