Pakistan

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات روکنے کا فیصلہ، پنجاب میں 7 فروری کو پولنگ کا اعلان

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات روکنے کا فیصلہ، پنجاب میں 7 فروری کو پولنگ کا اعلان
۱ منٹ پہلے

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق تمام اقدامات تاحکم ثانی روکنے کا فیصلہ کرلیا، جبکہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے 7 فروری کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ 

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے 4 نومبر کو جاری کیے گئے حکم نامے کا جائزہ لیا گیا۔ 

الیکشن کمیشن کے مطابق وفاقی حکومت کے حکم نامے کے تحت آئین کے آرٹیکل 140 اے کو معطل کیا گیا ہے، جس کا تعلق مقامی حکومتوں کے قیام اور منتخب بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات کی منتقلی سے ہے۔ 

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ نئے حکم نامے کا اطلاق ان اضلاع پر بھی کردیا گیا ہے جو وفاقی حکومت کے سابقہ احکامات میں شامل نہیں تھے، جس کے باعث خیبرپختونخوا کے باقی اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں رہا۔ 

اس سے قبل الیکشن کمیشن نے ہدایت کی تھی کہ ہنگامی اقدامات سے متاثرہ اضلاع کے علاوہ صوبے کے دیگر اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔ 

تاہم وفاقی حکومت کے تازہ حکم نامے کے بعد الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے جاری تمام اقدامات تاحکم ثانی روک دیے ہیں۔ 

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے 7 فروری کو پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ مختصر حکم نامے کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے دی گئی درخواست منظور کرلی گئی ہے۔ 

حکم نامے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن صوبوں، کنٹونمنٹ بورڈز اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا پابند ہے۔ 

الیکشن کمیشن کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کی درخواست اس لیے قبول کی گئی تاکہ تمام امیدواروں اور متعلقہ حلقوں کے ووٹرز کو یکساں مواقع فراہم کیے جاسکیں۔ 
 

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں