World

نجیب رزاق کا ایک کروڑ 23 لاکھ ڈالر جرمانہ ادا، گھر میں نظر بندی کی راہ ہموار

نجیب رزاق کا ایک کروڑ 23 لاکھ ڈالر جرمانہ ادا، گھر میں نظر بندی کی راہ ہموار
۵۸ منٹ پہلے

ملائیشیا کے سابق وزیراعظم نجیب رزاق پر بدعنوانی کے مقدمے میں عائد 5 کروڑ ملائیشین رنگٹ، تقریباً ایک کروڑ 23 لاکھ امریکی ڈالر، کا جرمانہ ادا کردیا گیا ہے، جس کے بعد ان کی باقی سزا گھر میں نظر بندی کے دوران گزارنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ 

جرمانے کی رقم نجیب رزاق نے ذاتی طور پر ادا نہیں کی بلکہ ان کی سیاسی جماعت یونائیٹڈ ملائیز نیشنل آرگنائزیشن (UMNO) نے چندہ جمع کرکے ملائیشیا کی عدالت میں جمع کرائی۔ 

رپورٹ کے مطابق ملائیشیا کے بادشاہ سلطان ابراہیم نے 18 ستمبر 2026 کو نجیب رزاق کو مشروط شاہی معافی دی تھی، جس کے تحت انہیں اپنی چھ سالہ قید کی باقی سزا گھر میں نظر بندی کے دوران گزارنے کی اجازت دی گئی تھی۔ 

تاہم اس رعایت سے فائدہ اٹھانے کے لیے 5 کروڑ رنگٹ کا جرمانہ ادا کرنا اور شاہی معافی کی دیگر شرائط پوری کرنا ضروری تھا۔ 

شاہی معافی کے تحت نجیب رزاق کی متوقع رہائی کی تاریخ 23 اگست 2028 مقرر کی گئی تھی۔ 

سابق وزیراعظم کی سیاسی جماعت یو ایم این او نے ان کی مالی معاونت کے لیے ستمبر میں خصوصی فنڈ قائم کیا تھا، جس میں پارٹی رہنماؤں، کارکنوں اور دیگر افراد سے عطیات جمع کیے گئے۔ 

جرمانے کی ادائیگی کے بعد شاہی معافی کی ایک اہم مالی شرط پوری ہوگئی ہے، تاہم رپورٹ میں اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی کہ نجیب رزاق کو جیل سے گھر میں نظر بندی کے لیے منتقل کردیا گیا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں