Pakistan

اسلام آباد میں پیٹرول کی مقدار میں ہیر پھیر، 6 پمپس اور 40 سے زائد نوزلز سیل

اسلام آباد میں پیٹرول کی مقدار میں ہیر پھیر، 6 پمپس اور 40 سے زائد نوزلز سیل
۱ منٹ پہلے

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صارفین کو مقررہ مقدار سے کم پیٹرول اور ڈیزل فراہم کرنے پر ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے 6 پیٹرول پمپس اور 40 سے زائد نوزلز سیل کردیے۔ 

ضلعی انتظامیہ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اسلام آباد بھر میں پیٹرول پمپس کی انسپکشن کا سلسلہ جاری ہے، جس کے دوران پیٹرول اور ڈیزل کی پیمائش اور فراہم کی جانے والی مقدار کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔ 

اعلامیے میں بتایا گیا کہ انسپکشن کے دوران فیول کی مقدار میں بے ضابطگیاں سامنے آنے پر 40 سے زائد نوزلز اور 6 پیٹرول پمپس سیل کیے گئے۔ 

کارروائی کے دوران ایسی الیکٹرانک ڈیوائسز بھی برآمد کی گئیں جنہیں مبینہ طور پر فیول کی پیمائش میں ردوبدل اور صارفین کو کم مقدار فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا جارہا تھا۔ 

ضلعی انتظامیہ کے مطابق الیکٹرانک ڈیوائسز کے ذریعے پیمائش میں ہیر پھیر کرنے پر 2 پیٹرول پمپس کو خصوصی طور پر سیل کیا گیا، جبکہ اس عمل میں ملوث عملے کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ 

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ شہر بھر میں قائم تمام پیٹرول پمپس کی انسپکشن یقینی بنائی جائے۔ 

ضلعی انتظامیہ کی کارروائی کا مقصد فیول کی فراہمی میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرنا اور صارفین کو ادائیگی کے مطابق مکمل مقدار کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں