2018 میں جنوبی افریقہ کے خلاف بال ٹیمپرنگ سے پوری آسٹریلوی ٹیم آگاہ تھی، عثمان خواجہ
آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ نے 2018 کے بدنام زمانہ بال ٹیمپرنگ سکینڈل سے متعلق اہم انکشافات کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے معاملے سے پوری آسٹریلوی ٹیم آگاہ تھی۔
عثمان خواجہ کے مطابق بال ٹیمپرنگ کا عمل صرف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ تک محدود نہیں تھا بلکہ اس سے قبل جنوبی افریقا کے خلاف گکیبرہا میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے دوران بھی گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی تھی۔
سابق آسٹریلوی کرکٹر نے اس معاملے کی تفصیلات اپنی خودنوشت سوانح عمری ’صبر‘ میں بیان کی ہیں، جو منگل کو شائع ہوگی۔
کتاب کی اشاعت سے قبل مختلف اخبارات کو دیے گئے انٹرویوز میں عثمان خواجہ نے دعویٰ کیا کہ 2018 کے بال ٹیمپرنگ سکینڈل میں صرف سٹیون سمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ ہی نہیں بلکہ پوری آسٹریلوی ٹیم شامل تھی۔
عثمان خواجہ کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں پوری ٹیم کو معلوم تھا کہ گیند کے ساتھ کیا ہورہا ہے، اس لیے اس واقعے کی اجتماعی ذمہ داری قبول کی جانی چاہیے تھی۔
انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے تھے کہ پوری ٹیم اس معاملے کی ذمہ داری قبول کرے، تاہم سزا صرف تین کھلاڑیوں کو دی گئی۔
خواجہ کے مطابق صرف سٹیون سمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو سزا ملنے کے باعث ان کھلاڑیوں کو طویل عرصے تک تنقید اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
سابق آسٹریلوی بیٹر نے ایک اور اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران وہ کیمرون بینکرافٹ کے ساتھ ڈریسنگ روم میں بیٹھتے تھے۔
عثمان خواجہ کے مطابق اس کے باوجود کرکٹ آسٹریلیا نے بال ٹیمپرنگ سکینڈل کی تحقیقات کے دوران ان کا بیان تک ریکارڈ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر کرکٹ آسٹریلیا کے تفتیشی حکام ان سے پوچھ گچھ کرتے تو وہ اس معاملے میں سچ بتاتے۔
واضح رہے کہ 2018 میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران سامنے آنے والے بال ٹیمپرنگ سکینڈل نے آسٹریلوی کرکٹ کو شدید تنازع میں مبتلا کردیا تھا۔
اس واقعے کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے سٹیون سمتھ اور ڈیوڈ وارنر پر ایک، ایک سال کی پابندی عائد کی تھی، جبکہ کیمرون بینکرافٹ کو 9 ماہ کے لیے معطل کردیا گیا تھا۔
اس سکینڈل کے بعد آسٹریلوی ٹیم کے طرز عمل اور قیادت پر شدید تنقید کی گئی تھی، جبکہ سزا پانے والے کھلاڑیوں کو بھی طویل عرصے تک اس تنازع کے اثرات کا سامنا کرنا پڑا۔
عثمان خواجہ کے تازہ انکشافات کے بعد ایک بار پھر یہ سوال سامنے آیا ہے کہ آیا بال ٹیمپرنگ کے معاملے سے پوری آسٹریلوی ٹیم آگاہ تھی اور کیا اس وقت کی تحقیقات میں تمام متعلقہ افراد کی ذمہ داری کا تعین کیا گیا تھا۔
دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا نے عثمان خواجہ کے دعوؤں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ 2018 میں ہونے والی تحقیقات اور اس وقت سامنے آنے والے نتائج سے مطمئن ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے اس مؤقف سے ظاہر ہوتا ہے کہ ادارہ عثمان خواجہ کے نئے دعوؤں کے باوجود اپنی سابقہ تحقیقات اور ان کے نتائج پر قائم ہے۔