Pakistan

بہاولنگر ،گھر پر بجلی کی ہائی وولٹیج تار گرنے سے میاں، بیوی اور بیٹا جاں بحق

بہاولنگر ،گھر پر بجلی کی ہائی وولٹیج تار گرنے سے میاں، بیوی اور بیٹا جاں بحق
۲ گھنٹے پہلے

بہاولنگر کے علاقے چک 272 ایچ آر میں ہائی وولٹیج بجلی کی تار ٹوٹ کر گھر پر گرنے سے میاں بیوی اور ان کا بیٹا جاں بحق ہوگئے۔ 

ریسکیو حکام کے مطابق افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب 11 کے وی کی مین بجلی کی تار اچانک ٹوٹ کر ایک رہائشی مکان پر گرگئی۔ 

تار گرنے کے نتیجے میں گھر کے اندر سوئے ہوئے میاں، بیوی اور ان کے بیٹے کو شدید کرنٹ لگا، جس کے باعث تینوں موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔ 

واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے اور جاں بحق ہونے والے تینوں افراد کی لاشیں ہسپتال منتقل کردیں۔ 

افسوسناک واقعے کے بعد رہائشی علاقوں کے قریب سے گزرنے والی ہائی وولٹیج بجلی کی تاروں کے تحفظ اور دیکھ بھال سے متعلق خدشات سامنے آئے ہیں۔ 

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بجلی کی تار گرنے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب نے غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس ظاہر کیا۔ 

مریم نواز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔ 

رپورٹ میں 11 کے وی کی بجلی کی تار ٹوٹنے اور اس کے نتیجے میں پیش آنے والے جان لیوا حادثے کی وجوہات کا جائزہ لیا جائے گا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں