Pakistan

شدید خشک سالی، تھرپارکر کو آفت زدہ ضلع قرار دینے کا فیصلہ

شدید خشک سالی، تھرپارکر کو آفت زدہ ضلع قرار دینے کا فیصلہ
۶ منٹ پہلے

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شدید خشک سالی کے باعث تھرپارکر کو آفت زدہ ضلع قرار دینے کا فیصلہ کرلیا ہے، جبکہ بارشوں کی کمی سے ضلع میں 85 سے 90 فیصد تک فصلیں تباہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ 

وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام کو خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی اقدامات شروع کرنے اور شہریوں کو ضروری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔ 

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت تھرپارکر میں خشک سالی کی صورتحال اور اس سے نمٹنے کے لیے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس ہوا۔ 

اجلاس کے دوران حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں بارشوں کی شدید کمی کے باعث خشک سالی جیسی صورتحال پیدا ہوچکی ہے۔ 

حکام کے مطابق مناسب بارشیں نہ ہونے کے نتیجے میں تھرپارکر میں تقریباً 85 سے 90 فیصد فصلیں تباہ ہوگئی ہیں، جس سے زراعت اور مقامی آبادی کے روزگار کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ 

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ستمبر 2026 کے دوران تھرپارکر کے ساتوں تعلقوں میں صرف ایک سے 36 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔ 

حکام نے بتایا کہ بارشوں کی غیر متوازن تقسیم کے باعث فصلیں اور قدرتی گھاس مکمل طور پر تیار ہونے سے پہلے ہی خشک ہوگئیں، جس سے زرعی پیداوار اور مال مویشیوں کو شدید نقصان پہنچا۔ 

صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ خشک سالی سے متاثرہ تمام علاقوں میں شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ 

مراد علی شاہ نے غیر فعال ریورس اوسموسس (آر او) پلانٹس کی فوری مرمت اور پانی کی فراہمی کے تمام دستیاب ذرائع بحال کرنے کا حکم بھی دیا۔ 

وزیراعلیٰ سندھ نے نوکوٹ سے مٹھی تک پانی کی فراہمی کے لیے طویل المدتی منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی۔ 

انہوں نے متعلقہ حکام کو دونوں علاقوں کے درمیان پانی کی لائن بچھانے کے منصوبے کی فزیبلٹی کا جائزہ لینے کا بھی حکم دیا تاکہ تھرپارکر میں پانی کی قلت کا مستقل حل تلاش کیا جاسکے۔ 

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی کے لیے صرف عارضی اقدامات پر انحصار کرنے کے بجائے پائیدار اور مستقل انتظامات کیے جائیں۔ 

وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری سندھ کو ہدایت کی کہ خشک سالی کے باعث متاثر ہونے والے مویشیوں کے تحفظ کے لیے ممکنہ اقدامات سے متعلق سفارشات تیار کی جائیں۔ 

انہوں نے کہا کہ مال مویشیوں کو مزید نقصان سے بچانے کے لیے بروقت انتظامات ضروری ہیں، کیونکہ تھرپارکر کے بہت سے خاندانوں کا روزگار مویشیوں سے وابستہ ہے۔ 

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے متاثرہ شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت تھرپارکر کے عوام کو مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ 

مراد علی شاہ نے کہا کہ تھرپارکر کے متاثرہ عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی اور خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ 

انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی، مال مویشیوں کا تحفظ اور متاثرہ خاندانوں کو ریلیف دینا صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ 

وزیراعلیٰ سندھ نے حکام کو ہدایت کی کہ خشک سالی سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور امدادی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ 

حکام کو یہ بھی ہدایت دی گئی کہ متاثرہ علاقوں میں امداد کی فراہمی اور پانی کی دستیابی کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ خشک سالی کے اثرات کو کم کیا جاسکے۔ 

تھرپارکر کو آفت زدہ ضلع قرار دینے کے فیصلے کے بعد صوبائی حکومت کی توجہ فوری امدادی اقدامات کے ساتھ ساتھ پانی کی فراہمی کے مستقل منصوبوں پر بھی مرکوز ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں