پشاور: نادرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے قتل میں ملوث حملہ آوروں کی شناخت کر لی گئی
پشاور میں نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد خان کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث حملہ آوروں کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کرلی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے دوران حاصل ہونے والی سی سی ٹی وی ویڈیو سے ملزمان کی شناخت میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ شناخت کیے گئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو انہیں گرفتار کرنے کے لیے کارروائیاں کررہی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے علاقے حیات آباد میں نادرا دفتر کے قریب اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد خان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق حملے میں چار ملزمان ملوث تھے، جو دو موٹرسائیکلوں پر سوار ہوکر آئے اور نادرا افسر پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا فہد خان جان کی بازی ہار گئے۔
واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوع کا معائنہ کیا اور وہاں سے 30 بور پستول کے آٹھ خول برآمد کیے۔
پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور جائے وقوع سے ملنے والے شواہد کی مدد سے تحقیقات آگے بڑھائیں، جس کے نتیجے میں مشتبہ حملہ آوروں کی شناخت کرلی گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں کام کررہی ہیں، تاہم ابھی تک ان کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی گئی۔
پولیس نے ملزمان کے نام یا قتل کے ممکنہ محرکات سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔
واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے بعد مزید حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔