واٹس ایپ کا اینڈرائیڈ صارفین کے لیے نیا فلوٹنگ نیویگیشن بار، 5 ٹیبز اور خودکار سکڑنے کا فیچر
واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے نیویگیشن بار کے نئے ڈیزائن کی آزمائش شروع کردی ہے، جس کے تحت صارفین کو ایک ہی بار میں 5 ٹیبز تک دکھائی دے سکیں گے، جبکہ چیٹس میں اسکرول کرنے پر یہ بار خودکار طور پر سکڑ جائے گا۔
نیا ڈیزائن فی الحال اینڈرائیڈ کے منتخب بیٹا صارفین کے لیے مرحلہ وار متعارف کرایا جارہا ہے، جس میں پہلے سے موجود مستقل نیویگیشن بار کی جگہ ایک نیا فلوٹنگ بار شامل کیا گیا ہے۔
نئے ڈیزائن میں نیویگیشن بار اسکرین کے کناروں سے قدرے الگ دکھائی دے گا، جس سے یہ روایتی بار کے مقابلے میں ایک تیرتے ہوئے خانے کی شکل اختیار کرلے گا۔
اس تبدیلی کے تحت مختلف ٹیبز کے نام ہٹا دیے گئے ہیں اور ان کی جگہ صرف آئیکنز دکھائے جائیں گے، تاکہ نیویگیشن بار اسکرین پر کم جگہ استعمال کرے۔
نئے انٹرفیس میں منتخب ٹیب کے آئیکن کے گرد دائرے کی شکل میں نمایاں نشان دکھائی دے گا، جو پہلے استعمال ہونے والے گولی نما ہائی لائٹ کی جگہ لے گا۔
یہ فلوٹنگ نیویگیشن بار چیٹس، اپ ڈیٹس، کانٹیکٹس اور کالز سمیت ایپ کے مختلف حصوں میں نظر آئے گا۔
واٹس ایپ مختلف اکاؤنٹس پر ٹیبز کی ترتیب کے الگ الگ انداز بھی آزما رہا ہے، جس کے باعث بعض صارفین کو ایک ہی نیویگیشن بار میں 5 ٹیبز تک دکھائی دے سکتے ہیں۔
نئے ڈیزائن کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ جب صارف چیٹس کی فہرست میں نیچے کی جانب اسکرول کرے گا تو نیویگیشن بار خودکار طور پر مزید چھوٹا ہوجائے گا۔
اسکرولنگ کے دوران بار ایک مختصر فلوٹنگ خانے کی شکل اختیار کرلے گا، تاہم اس کے اندر موجود تمام آئیکنز برقرار رہیں گے اور صارف ان کے ذریعے مختلف ٹیبز تک رسائی حاصل کرسکے گا۔
اس تبدیلی کا بنیادی مقصد چیٹس اور دیگر مواد کے لیے اسکرین پر زیادہ جگہ فراہم کرنا ہے، تاکہ صارفین کو گفتگو کی فہرست دیکھنے میں سہولت مل سکے۔
واٹس ایپ نے نئے نیویگیشن بار کے نیچے دھندلاہٹ کا اثر بھی شامل کیا ہے، جس سے فلوٹنگ بار اسکرین کے پس منظر میں موجود مواد کے ساتھ زیادہ بہتر انداز میں ہم آہنگ نظر آئے گا۔
نئے ڈیزائن میں منتخب ٹیب کا رنگ ایپ کے بنیادی رنگ کے مطابق ہوگا، جو عام طور پر سبز ہوتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ پلس صارفین کو نیویگیشن بار کے لیے اپنی پسند کا رنگ منتخب کرنے کی سہولت بھی مل سکے گی۔
واٹس ایپ کے اس نئے فلوٹنگ نیویگیشن بار کو پہلی مرتبہ ستمبر کے آخر میں تیاری کے مرحلے کے دوران دیکھا گیا تھا۔
بعد ازاں اکتوبر کے آغاز میں اس کے ایسے ڈیزائن کی بھی نشاندہی ہوئی تھی جس میں ٹیبز کے ناموں کے بجائے صرف آئیکنز موجود تھے۔
واٹس ایپ اس وقت مختلف صارفین کے اکاؤنٹس پر ٹیبز کی ترتیب اور نیویگیشن بار کے مختلف انداز آزما رہا ہے، تاکہ نئے انٹرفیس کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاسکے۔
یہ نیا ڈیزائن گوگل پلے کے بیٹا پروگرام کے ذریعے مرحلہ وار جاری کیا جارہا ہے، تاہم ابھی تمام بیٹا صارفین کو اس تک رسائی حاصل نہیں ہوئی۔
واٹس ایپ نے تاحال نئے فلوٹنگ نیویگیشن بار کو تمام اینڈرائیڈ صارفین کے لیے متعارف کرانے کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔