Sports

راولپنڈی ٹیسٹ بے نتیجہ ختم، پاکستان کی دفاعی بیٹنگ، سعود شکیل 97 رنز پر آؤٹ

راولپنڈی ٹیسٹ بے نتیجہ ختم، پاکستان کی دفاعی بیٹنگ، سعود شکیل 97 رنز پر آؤٹ
۷ گھنٹے پہلے

راولپنڈی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ بے نتیجہ ختم ہوگیا، پاکستان نے آخری روز دفاعی حکمت عملی اپناتے ہوئے دوسری اننگز 284 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔

 

پاکستان نے سری لنکا کو کامیابی کے لیے 273 رنز کا ہدف دیا، تاہم صرف ایک گھنٹے کا کھیل باقی رہ جانے کے باعث دونوں ٹیموں کی باہمی مشاورت سے میچ ڈرا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

 

راولپنڈی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے آخری روز سری لنکن فاسٹ بولر لاہیرو کمارا نے پہلی ہی گیند پر اذان اویس کو 22 رنز پر آؤٹ کرکے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی۔

 

اگلے ہی اوور میں محمد طحہٰ 24 رنز بنا کر اسیتھا فرنانڈو کا شکار بن گئے، جس کے بعد پاکستانی ٹیم دباؤ کا شکار ہوگئی۔

 

57 رنز کے مجموعی سکور پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان بابر اعظم اور سعود شکیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 50 رنز کی شراکت قائم کی۔

 

بابر اعظم 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ سلمان علی آغا بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

 

غازی غوری نے 34 اور عرفات منہاس نے 16 رنز بنائے، جبکہ سعود شکیل ایک مرتبہ پھر نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے اور 97 رنز پر آؤٹ ہوکر سنچری مکمل نہ کرسکے۔

 

پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 284 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی، جس کے بعد قومی ٹیم کو مجموعی طور پر 272 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔

 

تاہم میچ میں صرف ایک گھنٹے کا کھیل باقی رہنے کے باعث دونوں ٹیموں نے باہمی مشاورت سے مقابلہ بے نتیجہ ختم کرنے پر اتفاق کیا۔

 

اس سے قبل گزشتہ روز خراب روشنی کے باعث کھیل مقررہ وقت سے پہلے ختم کردیا گیا تھا اور پورے دن میں دو سیشنز بھی مکمل نہیں ہوسکے تھے۔

 

پہلی اننگز میں پاکستان کے ڈیبیوٹینٹ بولر ثاقب خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو بڑی برتری حاصل کرنے سے روک دیا تھا۔

 

سری لنکن ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 446 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی، جس میں دھننجیا ڈی سلوا نے 167 اور کپتان کوشال مینڈس نے 117 رنز کی نمایاں اننگز کھیلیں۔

 

ثاقب خان نے اپنے ٹیسٹ ڈیبیو پر 7 وکٹیں حاصل کیں اور ڈیبیو ٹیسٹ کی ایک اننگز میں 7 وکٹیں لینے والے پاکستان کے چوتھے بولر بن گئے۔

 

اس سے قبل محمد زاہد، محمد نذیر اور ابرار احمد یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔

 

ثاقب خان کے علاوہ محمد عباس نے 2 جبکہ رضا اللہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

 

پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 434 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی تھی۔

 

قومی ٹیم کی جانب سے سعود شکیل نے 93، طیب عارف نے 57، عرفات منہاس نے 52، محمد طحہٰ نے 51 اور کپتان بابر اعظم نے 50 رنز بنائے تھے۔

 

سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنانڈو اور دلشان مدوشنکا نے پاکستان کی پہلی اننگز میں 3، 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں