Sports

سعود شکیل کا ٹیسٹ کرکٹ میں ناخوشگوار ریکارڈ، دونوں اننگز میں نروس نائنٹیز کا شکار

سعود شکیل کا ٹیسٹ کرکٹ میں ناخوشگوار ریکارڈ، دونوں اننگز میں نروس نائنٹیز کا شکار
۵ گھنٹے پہلے

راولپنڈی: پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچری کے قریب پہنچ کر آؤٹ ہونے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے ایک منفرد مگر ناخوشگوار ریکارڈ کا حصہ بن گئے۔

 

سعود شکیل نے راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 93 اور دوسری اننگز میں 97 رنز بنائے، تاہم دونوں مرتبہ سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے۔

 

اس طرح سعود شکیل ایک ہی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں نروس نائنٹیز کا شکار ہونے والے دنیا کے صرف پانچویں بیٹر بن گئے۔

 

ٹیسٹ کرکٹ کی تقریباً 150 سالہ تاریخ میں یہ صرف چھٹا موقع ہے جب کوئی بلے باز ایک ہی میچ کی دونوں اننگز میں 90 سے 99 رنز کے درمیان آؤٹ ہوا ہو۔

 

سعود شکیل سے قبل چار بلے باز اس ناخوشگوار تجربے سے گزر چکے ہیں، جن میں ویسٹ انڈیز کے سابق عظیم کرکٹر گورڈن گرینج واحد کھلاڑی ہیں جن کے ساتھ یہ واقعہ دو مرتبہ پیش آیا۔

 

اس سے قبل آخری مرتبہ اگست 2009 میں سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے ایک ہی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے تھے۔

 

مہیلا جے وردھنے نے کولمبو میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 92 اور دوسری میں 96 رنز بنائے تھے، تاہم دونوں مرتبہ سنچری مکمل کرنے سے محروم رہے۔

 

ویسٹ انڈیز کے گورڈن گرینج کے ساتھ پہلی مرتبہ یہ واقعہ مارچ 1977 میں پاکستان کے خلاف جارج ٹاؤن ٹیسٹ میں پیش آیا تھا۔

 

اس میچ میں گورڈن گرینج نے پہلی اننگز میں 91 اور دوسری اننگز میں 96 رنز سکور کیے تھے۔

 

تین سال بعد فروری 1980 میں گورڈن گرینج ایک مرتبہ پھر دونوں اننگز میں نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے۔

 

اس بار انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں پہلی اننگز میں 91 اور دوسری میں 97 رنز بنائے۔

 

انگلینڈ کے سابق کرکٹر فرینک وولی بھی اس منفرد فہرست میں شامل ہیں۔

 

انہوں نے جون 1921 میں لارڈز کے میدان پر آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں 95 اور دوسری اننگز میں 93 رنز بنائے تھے۔

 

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اس نوعیت کا پہلا واقعہ جنوری 1902 میں پیش آیا تھا، جب آسٹریلیا کے کلیم ہل انگلینڈ کے خلاف ایڈیلیڈ ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے۔

 

کلیم ہل نے اس میچ کی پہلی اننگز میں 98 اور دوسری اننگز میں 97 رنز سکور کیے تھے۔

 

دونوں اننگز میں ان کے مجموعی 195 رنز آج بھی ایک ہی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں نروس نائنٹیز کا شکار ہونے والے بلے بازوں میں سب سے زیادہ ہیں۔

 

سعود شکیل نے سری لنکا کے خلاف دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 190 رنز بنائے، جو اس منفرد فہرست میں دوسرا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔

 

دوسری جانب قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعود شکیل کو ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا۔

 

بابر اعظم نے کہا کہ یہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے کہ سعود شکیل بار بار نروس نائنٹیز کا شکار کیوں ہورہے ہیں۔

 

قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ سب کو توقع تھی کہ پچ پر بیٹنگ کرنا مشکل ہوگا، تاہم وہ اپنے اوپنرز کو کریڈٹ دینا چاہتے ہیں جنہوں نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔

 

بابر اعظم نے سری لنکا کے دھننجیا ڈی سلوا اور کوشل مینڈس کی کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں بلے باز تعریف کے مستحق ہیں۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ ڈیبیوٹینٹ بولر ثاقب خان کی شاندار کارکردگی دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں