Business

پاکستانی معیشت کی مالی سال 26 کی سالانہ رپورٹ جاری

پاکستانی معیشت کی مالی سال  26  کی سالانہ رپورٹ جاری
۴ گھنٹے پہلے

سٹیٹ بینک آف پاکستان نے مالی سال 2025-26 کے دوران ملکی معیشت کی صورتحال سے متعلق سالانہ رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق اہم اقتصادی اشاریوں میں بہتری آئی ہے اور معیشت نے ملکی و عالمی اقتصادی دھچکوں کے مقابلے میں لچک کا مظاہرہ کیا ہے۔

 

مرکزی بینک کے مطابق محتاط زری پالیسی اور معاشی اصلاحات نے ملک میں معاشی استحکام کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

 

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بڑے پیمانے کی اشیاء سازی کے شعبے میں بحالی کے باعث حقیقی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو میں اضافہ ہوا ہے۔

 

سٹیٹ بینک نے مالی سال 2026-27 کے دوران پاکستان کی حقیقی جی ڈی پی شرح نمو 3.5 سے 4.5 فیصد کے درمیان رہنے کا تخمینہ ظاہر کیا ہے۔

 

مرکزی بینک کے مطابق معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے نتیجے میں درآمدات کے حجم میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

 

تاہم بیرون ملک مقیم پاکستانی کارکنوں کی ترسیلات زر میں مضبوط نمو کے باعث مالی سال 2025-26 کے دوران جاری کھاتے کا خسارہ جی ڈی پی کے صرف 0.1 فیصد تک محدود رہا۔

 

سٹیٹ بینک نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ مرکزی بینک کی جانب سے بڑے پیمانے پر زرمبادلہ کی خریداری اور پیشگی واجبات میں کمی کے نتیجے میں ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں قابل قدر اضافہ ہوا ہے۔

 

رپورٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے باوجود مالی سال 2025-26 کے دوران مہنگائی کی شرح سٹیٹ بینک کے وسط مدتی ہدف 5 سے 7 فیصد کی بالائی حد کے قریب رہی۔

 

مرکزی بینک نے ایل نینو کی صورتحال مزید خراب ہونے کے امکان کو پاکستان کے زرعی شعبے کے لیے ایک خطرہ قرار دیا ہے۔

 

سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2026-27 میں جاری کھاتے کا خسارہ جی ڈی پی کے صفر سے ایک فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

 

رپورٹ میں یہ پیش گوئی بھی کی گئی ہے کہ مالی سال 2026-27 کے دوران مہنگائی بتدریج کم ہوکر سٹیٹ بینک کے وسط مدتی ہدف 5 سے 7 فیصد کی حد میں آجائے گی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں