سکھر میں انتخابی دھاندلی ثابت، اسسٹنٹ کمشنر کو 2 سال قید اور جرمانہ
سکھر میں بلدیاتی انتخابات کے دوران دھاندلی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ثابت ہونے پر عدالت نے اسسٹنٹ کمشنر ماجد علی ماکو کو 2 سال قید اور 2 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج الہہ بچایو گبول نے انتخابی ریکارڈ میں ردوبدل سے متعلق مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کو مجرم قرار دیا۔
عدالت نے مجرم کو مخالف امیدواروں غلام یاسین اور دوا خان کو ایک لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق معاوضے کی عدم ادائیگی پر مزید 3 ماہ قید بھگتنا ہوگی۔
وکیل کے مطابق فیصلہ سنائے جانے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر ماجد علی ماکو کو گرفتار کرکے سینٹرل جیل منتقل کر دیا گیا۔
مقدمے میں یونین کونسل 10 کے بلدیاتی انتخابات کے دوران انتخابی دھاندلی اور سرکاری اختیارات کے غلط استعمال کے الزامات عائد کیے گئے تھے، جو عدالتی کارروائی میں ثابت ہوگئے۔
ماجد علی ماکو بلدیاتی انتخابات کے وقت یونین کونسل 10 میں ریٹرننگ افسر کے فرائض انجام دے رہے تھے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی بے ضابطگیوں کے معاملے پر اسسٹنٹ کمشنر کے خلاف براہ راست فوجداری شکایت درج کرائی تھی، جس پر عدالتی کارروائی کے بعد سزا سنائی گئی۔