حافظ آباد میں سابق وفاقی وزیر لیاقت عباس بھٹی کی لاش برآمد
حافظ آباد میں سابق وفاقی وزیر لیاقت عباس بھٹی کی لاش ان کی رہائش گاہ سے مل گئی، گلے پر رسی کے نشانات پائے جانے کے بعد پولیس نے مشتبہ قتل کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فواد احمد کے مطابق لیاقت عباس بھٹی اپنے کمرے میں مردہ حالت میں پائے گئے، جبکہ پولیس موت کی وجوہات اور واقعے کے حالات جاننے کے لیے تفتیش کر رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سابق وفاقی وزیر کے سکیورٹی گارڈز ان کی ذاتی گاڑیوں سمیت غائب ہیں، جبکہ رہائش گاہ سے ان کا ذاتی اسلحہ بھی لاپتا پایا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق غائب ہونے والے ذاتی ملازمین اور سکیورٹی گارڈز کا سراغ لگانے کے ساتھ گاڑیوں کی برآمدگی کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
ریجنل پولیس آفیسر خرم شہزاد نے بتایا کہ لیاقت عباس بھٹی کی لاش ان کی رہائش گاہ سے ملحقہ ڈیرے کے ایک کمرے سے برآمد ہوئی۔
آر پی او کے مطابق سابق وفاقی وزیر کے گلے پر رسی کا واضح نشان موجود ہے، جسے تحقیقات میں اہم پہلو کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں ذاتی ملازمین اور سکیورٹی گارڈز پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم واقعے کی مکمل حقیقت جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کر لیے ہیں، جبکہ لاپتا افراد، گاڑیوں اور اسلحے کی تلاش بھی جاری ہے۔