Pakistan

زرداری کا ایک ہی بیٹا بلاول ہے،محسن نقوی سے موازنہ نہ کیا جائے، ناصر شاہ

زرداری کا ایک ہی بیٹا بلاول ہے،محسن نقوی سے موازنہ نہ کیا جائے، ناصر شاہ
۱ منٹ پہلے

سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے بلاول بھٹو زرداری کے مبینہ سافٹ ویئر اپڈیٹ ہونے سے متعلق تبصروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے بیٹے ہیں اور ان کا موازنہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے نہیں کیا جانا چاہیے۔

 

مٹیاری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے اسلام آباد جانے کے بعد یہ باتیں شروع کردی گئیں کہ ان کا سافٹ ویئر اپڈیٹ ہوگیا ہے، تاہم ایسے تبصروں کی کوئی اہمیت نہیں۔

 

صوبائی وزیر نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کے ایک ہی بیٹے ہیں اور وہ بلاول بھٹو زرداری ہیں، اس لیے بلاول کے سیاسی مؤقف کو ہی اہمیت دی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلاول کا محسن نقوی سے تقابل درست نہیں۔

 

سندھ کی تقسیم اور نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث پر ناصر حسین شاہ نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ایک ہے اور ایک ہی رہے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ریفرنڈم سے خوفزدہ نہیں، جبکہ کراچی کے اردو بولنے والے شہری بھی اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں کہ سندھ کی تقسیم قبول نہیں کی جائے گی۔

 

ناصر حسین شاہ کا یہ بیان وزیراعظم کے مشیر اور سینیٹر رانا ثناء اللہ کے ان ریمارکس کے بعد سامنے آیا ہے جن میں انہوں نے نئے صوبوں کے معاملے پر بلاول بھٹو زرداری اور محسن نقوی کے مختلف مؤقف کا ذکر کیا تھا۔

 

جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں میزبان سلیم صافی کو انٹرویو دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا تھا کہ صدر آصف علی زرداری کا ایک بیٹا نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کررہا ہے، جبکہ دوسرا اس کی مخالفت میں کھڑا ہے۔

 

رانا ثناء اللہ کے مطابق نئے صوبوں کے حوالے سے بحث محسن نقوی نے شروع کی، جبکہ بلاول بھٹو زرداری اس تجویز کی مخالفت کررہے ہیں۔

 

انہوں نے صدر آصف علی زرداری کو مشورہ دیا تھا کہ وہ دونوں کو سمجھائیں، کیونکہ نئے صوبوں سے متعلق بحث کو مزید متنازع بنانے سے کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔

 

ناصر حسین شاہ نے ان ریمارکس کے جواب میں بلاول اور محسن نقوی کے موازنے کو مسترد کرتے ہوئے سندھ کی وحدت برقرار رکھنے کے حوالے سے پیپلزپارٹی کا مؤقف دہرایا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں