خواتین کے حقوق کا تحفظ اجتماعی ذمے داری ہے: وفاقی وزیر قانون
وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ معاشرے کی اجتماعی ذمے داری ہے۔
ترکیہ کے شہر استنبول میں ساتویں ویمن سمٹ کے دوران پاکستانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے خطاب میں کہا کہ پاکستان خواتین کو بااختیار بنانے، تعلیم اور معاشی خودمختاری کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو مساوی حقوق اور باوقار زندگی گزارنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔
سیاسی، معاشی، سماجی اور پیشہ ورانہ شعبوں میں خواتین کی شمولیت کو بھی اہمیت دی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ بچیوں کے تحفظ اور تعلیم کے لیے قابلِ قدر کام کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو بااختیار بنانے اور فیصلہ سازی کے عمل میں مؤثر نمائندگی کے مواقع فراہم کرنا ناگزیر ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ اور سماجی تحفظ حکومت پاکستان کی پالیسی کا اہم حصہ ہے۔
اسلام بھی خواتین کو عزت، مساوات اور بنیادی حقوق فراہم کرتا ہے۔