Pakistan

ایس سی او تہذیبی مکالمہ فورم، پاکستان کی تجاویز حتمی سفارشات میں شامل

ایس سی او تہذیبی مکالمہ فورم، پاکستان کی تجاویز حتمی سفارشات میں شامل
۱ منٹ پہلے

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تہذیبی مکالمہ فورم میں پاکستان کی ثقافتی تعاون، مشترکہ تحقیق اور تاریخی ورثے کے تحفظ سے متعلق اہم تجاویز متفقہ طور پر حتمی سفارشات کا حصہ بن گئیں۔ دوسری جانب وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں دہشت گردی کے معاملے پر شواہد کی بنیاد پر بات چیت کرنے پر زور دیا۔

 

فورم کے اختتامی اجلاس میں بھارت کے سیکریٹری ثقافت نے حتمی سفارشات پیش کیں، جن میں ایس سی او کے رکن ممالک کے درمیان ثقافتی اور تحقیقی شعبوں میں اشتراک بڑھانے کے لیے پاکستان کی پیش کردہ تجاویز کو باضابطہ طور پر شامل کیا گیا۔

 

منظور شدہ نکات کے مطابق رکن ممالک کے ثقافتی اداروں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، تحقیقی اداروں کے باہمی اشتراک کو وسعت دی جائے گی اور مشترکہ تحقیق کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے تعاون بڑھایا جائے گا۔

 

پاکستان کی جانب سے ثقافتی اداروں اور تاریخی ورثے کے تحفظ سے متعلق تنظیموں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لانے کی تجویز بھی منظور کرلی گئی، جس کا مقصد متعلقہ اداروں کے درمیان رابطوں اور تعاون کو بہتر بنانا ہے۔

 

حتمی سفارشات میں موسمیاتی تبدیلی کے باعث تاریخی اور تہذیبی ورثے کو لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے ایس سی او ممالک کے متعلقہ اداروں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

 

اس کے علاوہ تاریخی نوادرات کی غیر قانونی سمگلنگ روکنے کے لیے مشترکہ اقدامات کی پاکستانی تجویز بھی تسلیم کرلی گئی۔ ان سفارشات کے بعد ثقافتی ورثے کے تحفظ، تحقیقی تبادلوں اور نوادرات کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے ادارہ جاتی تعاون کے آئندہ مراحل پر پیش رفت کی جائے گی۔

 

دوسری جانب وفاقی وزیر مصدق ملک نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے موضوع پر بات چیت ضرور ہونی چاہیے، لیکن اس کی بنیاد الزامات کے بجائے ٹھوس شواہد پر ہونی چاہیے۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، جبکہ یہ مسئلہ پورے خطے کو درپیش ہے۔ ان کے مطابق دہشت گردی کا مؤثر مقابلہ کرنے اور اس کے خاتمے کے لیے تمام ممالک کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔

 

مصدق ملک نے کہا کہ محض الزام تراشی یا اشتعال انگیزی سے مسائل حل نہیں ہوتے۔ پاکستان متعدد مرتبہ بھارت سے دہشت گردی سے متعلق الزامات کے ثبوت طلب کرچکا ہے، جبکہ پاکستان کے پاس بھی دہشت گردی سے متعلق شواہد موجود ہیں۔

 

وفاقی وزیر کے مطابق دونوں ممالک شواہد کا براہ راست تبادلہ کرسکتے ہیں یا انہیں کسی مناسب فورم کے ذریعے پیش کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی پر گفتگو سے گریز نہیں کیا جارہا، تاہم ایسی بات چیت حقائق اور ثبوتوں کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔

 

مصدق ملک نے علاقائی مسائل کے حل کے لیے الزام تراشی کے بجائے باہمی تعاون اور شواہد پر مبنی مکالمے کو ضروری قرار دیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں