Breaking News

پاک ترکیہ میں عدالتی تعاون کا معاہدہ، ترکیہ مصنوعی ذہانت کے استعمال میں رول ماڈل ہے، چیف جسٹس

پاک ترکیہ میں عدالتی تعاون کا معاہدہ، ترکیہ مصنوعی ذہانت کے استعمال میں رول ماڈل ہے، چیف جسٹس
۱ منٹ پہلے

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کو وسعت دینے اور دونوں ممالک کی اعلیٰ عدالتوں کے ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے گئے۔ معاہدے کے تحت عدالتی نظام کی جدید خطوط پر استواری، تجربات کے تبادلے اور عدالتی افسران کی تربیت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

 

مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب اسلام آباد میں سپریم کورٹ آف پاکستان میں منعقد ہوئی، جہاں چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی اور ترکیہ کے کورٹ آف کیسیشن کے صدر عمر کیرکیز نے معاہدے پر دستخط کیے۔

 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ترکیہ کے کورٹ آف کیسیشن کے صدر عمر کیرکیز سمیت تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔

 

چیف جسٹس نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے باہمی تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں اور عدالتی تعاون کا یہ معاہدہ دونوں برادر ممالک کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہے اور ملک میں عدالتی نظام کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔ ان کے مطابق مفاہمتی یادداشت دونوں ممالک کے عدالتی نظام کو جدید بنانے اور ادارہ جاتی تعاون بڑھانے میں معاون ثابت ہوگی۔

 

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ضلعی عدلیہ کی تربیت کو معاہدے کا اہم پہلو قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس تعاون سے عدالتی افسران کی پیشہ ورانہ استعداد بہتر بنانے اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔

 

جدید ٹیکنالوجی کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترکیہ مصنوعی ذہانت کے استعمال میں ایک رول ماڈل ہے اور عدالتی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دینے سے نظام انصاف کی کارکردگی بہتر بنائی جاسکتی ہے۔

 

چیف جسٹس نے کہا کہ ای کورٹس کے ذریعے شہریوں کی انصاف تک رسائی آسان ہوگی، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان عدالتی تجربات اور مہارتوں کے تبادلے سے انصاف کی فراہمی کے نظام کو مزید جدید بنایا جاسکے گا۔

 

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا اور دونوں ممالک کی عدلیہ کے درمیان پیشہ ورانہ روابط کو مزید مستحکم کرے گا۔

 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے کورٹ آف کیسیشن کے صدر عمر کیرکیز نے پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔

 

عمر کیرکیز نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ اقدار کی بنیاد پر استوار ہیں اور ترکیہ پاکستان کے ساتھ ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں اور دونوں ممالک ایک دوسرے کے عدالتی تجربات، مہارتوں اور ادارہ جاتی طریقہ کار سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

 

ترک عدالت کے صدر نے قانون کی حکمرانی اور انصاف کی مؤثر فراہمی کے لیے مشترکہ کوششوں کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی شعبے میں باہمی تعاون دونوں ممالک کے لیے مفید ثابت ہوسکتا ہے۔

 

عمر کیرکیز نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال عدالتی نظام کو مؤثر اور شفاف بنانے کے لیے ناگزیر ہے، اس لیے عدالتوں میں ٹیکنالوجی کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔

 

تقریب میں دونوں ممالک کی اعلیٰ عدالتی قیادت نے ادارہ جاتی روابط، عدالتی تربیت، جدید ٹیکنالوجی اور تجربات کے تبادلے کے ذریعے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں