Sports

پاک بھارت ہینڈ شیک تنازع، کھلاڑیوں کو ہاتھ ملانے پرمجبور نہیں کرسکتے، ایم سی سی

پاک بھارت ہینڈ شیک تنازع، کھلاڑیوں کو ہاتھ ملانے پرمجبور نہیں کرسکتے، ایم سی سی
۱ منٹ پہلے

میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) نے پاکستان اور بھارت کے کھلاڑیوں کے درمیان ہینڈ شیک کے تنازع پر واضح کیا ہے کہ وہ کرکٹ میں مصافحے کی روایت برقرار رکھنے کا خواہاں ہے، تاہم کسی کھلاڑی کو اس روایت پر عمل کرنے کے لیے مجبور نہیں کیا جاسکتا۔

 

ایم سی سی کے عہدیدار فریزر اسٹیورٹ نے پاک بھارت ہینڈ شیک کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کلب چاہتا ہے کہ میچوں کے دوران کھلاڑیوں کے درمیان مصافحے کی روایت برقرار رہے، لیکن اسے لازمی قرار دے کر کھلاڑیوں سے عمل درآمد کروانا اس کے اختیار میں نہیں۔

 

فریزر اسٹیورٹ کے مطابق اگر ٹیموں کو ہینڈ شیک سے متعلق اعلیٰ سطح سے ہدایات جاری کی جاتی ہیں تو ایم سی سی ان فیصلوں پر کنٹرول نہیں رکھتا، کیونکہ جغرافیائی اور سیاسی معاملات کرکٹ کے دائرہ کار سے باہر ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ ایسے معاملات پر تبصرہ کرنا ان کی ذمہ داریوں میں شامل نہیں، البتہ میدان میں کھلاڑیوں کے طرزِ عمل اور کھیل کے قوانین سے متعلق امور ایم سی سی کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔

 

ایم سی سی عہدیدار نے واضح کیا کہ کرکٹ کے میدان میں کھلاڑیوں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ ایک دوسرے، امپائرز اور کھیل کے قوانین کا احترام کریں، چاہے دونوں ٹیموں کے درمیان کسی بھی نوعیت کے اختلافات موجود ہوں۔

 

فریزر اسٹیورٹ کا یہ بیان پاکستان اور بھارت کے درمیان ہینڈ شیک کے معاملے پر جاری بحث کے دوران سامنے آیا ہے۔ بھارتی میڈیا نے بھی رپورٹ کیا تھا کہ بھارتی ٹیم متعلقہ میچ میں مصافحہ نہ کرنے کی اپنی پالیسی برقرار رکھے گی۔

 

دوسری جانب فریزر اسٹیورٹ نے آسٹریلوی کرکٹ میں سینڈ پیپر کے ذریعے بال ٹیمپرنگ کے تنازع پر بھی اظہار خیال کیا اور کہا کہ کرکٹ بال کی حالت تبدیل کرنے کے لیے سینڈ پیپر استعمال کرنا کھیل کے قوانین کی واضح خلاف ورزی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ سینڈ پیپر کے استعمال پر متعلقہ کھلاڑیوں کو دی جانے والی سزائیں درست تھیں، کیونکہ اس عمل سے کرکٹ قوانین کی خلاف ورزی ہوئی تھی۔

 

ایم سی سی عہدیدار کے مطابق واقعے کے 8 سال بعد سامنے آنے والے مزید الزامات اور مختلف دعوؤں پر تبصرہ کرنا میریلیبون کرکٹ کلب کی ذمہ داری نہیں ہے۔

 

فریزر اسٹیورٹ نے کہا کہ آسٹریلوی کرکٹ میں سینڈ پیپر تنازع سے متعلق دونوں جانب مضبوط مؤقف موجود ہیں، تاہم یہ طے کرنا کہ سینڈ پیپر کے استعمال کے بارے میں کون کون آگاہ تھا، کرکٹ آسٹریلیا اور متعلقہ اداروں کا کام ہے۔

 

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایشیز سیریز شروع ہونے تک سینڈ پیپر تنازع پس منظر میں چلا جائے گا اور کھلاڑیوں، شائقین اور کرکٹ سے وابستہ افراد کی توجہ دوبارہ کھیل پر مرکوز ہوجائے گی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں