کراچی میں احتجاج کی کال واپس لیں، پیپلز پارٹی کی ایم کیو ایم سے درخواست
پاکستان پیپلز پارٹی نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے کراچی میں اعلان کردہ احتجاج کی کال واپس لینے کی درخواست کردی۔ دونوں جماعتوں کے وفود کے درمیان سندھ اسمبلی میں ملاقات ہوئی، جس میں سیاسی رہنماؤں کے درمیان دلچسپ اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔
کراچی میں سندھ اسمبلی کے احاطے میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کے وفود کی ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی کی جانب سے ایم کیو ایم قیادت سے احتجاج کی کال واپس لینے کی درخواست کی گئی۔
ملاقات کے موقع پر صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار سے مصافحہ کیا اور خوشگوار انداز میں کہا کہ ہاتھ ابھی ملا لیتے ہیں، گلے بعد میں مل لیں گے۔
اس دوران ایم کیو ایم کے رہنما علی خورشیدی نے پیپلز پارٹی کے رہنما وقار مہدی سے خیریت دریافت کی اور پوچھا کہ آپ کیسے ہیں؟
گفتگو میں شریک فاروق ستار نے وقار مہدی سے سندھ اسمبلی کے اجلاس سے متعلق سوال کیا، جس پر وقار مہدی نے وضاحت کی کہ وہ سندھ اسمبلی کے نہیں بلکہ سینیٹ کے رکن ہیں۔
فاروق ستار نے مزید استفسار کیا کہ کیا سندھ اسمبلی کے 100 دن مکمل کرانے کی کوشش کی جارہی ہے؟ اس پر ناصر حسین شاہ نے مزاحیہ انداز میں جواب دیا کہ علی بھائی تو 120 دن پورے کرانے میں لگے ہوئے ہیں۔
دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان احتجاج کے معاملے پر رابطے کے ساتھ غیر رسمی گفتگو بھی جاری رہی، تاہم ملاقات کی سامنے آنے والی تفصیلات میں ایم کیو ایم کی جانب سے احتجاج کی کال واپس لینے کے کسی فیصلے کا ذکر نہیں کیا گیا۔