Pakistan

نفرتیں ختم کریں، ملک کو جمہوری ری سیٹ کی ضرورت ہے، بلاول بھٹو

نفرتیں ختم کریں، ملک کو جمہوری ری سیٹ کی ضرورت ہے، بلاول بھٹو
۱ منٹ پہلے

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سیاستدانوں اور حکمرانوں پر زور دیا ہے کہ وہ باہمی نفرتیں اور اختلافات ختم کرکے عوام کو معاشی مشکلات سے نکالنے پر توجہ دیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ملک میں کسی نئے آغاز کی ضرورت ہے تو وہ جمہوری ری سیٹ ہونا چاہیے۔

 

سندھ یوتھ کارڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، غربت اور بے روزگاری مسلسل بڑھ رہی ہے، جبکہ موجودہ معاشی صورتحال مزید مشکلات کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معاشی بحران اور ممکنہ آفات سے محفوظ رکھنا سیاسی قیادت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

 

چیئرمین پیپلز پارٹی نے ملکی حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ خود مایوسی محسوس کررہے ہیں تو پاکستان کے نوجوانوں کی کیفیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاسی اختلافات ایک طرف رکھ کر عوام کے مسائل کا حل تلاش کرنا ہوگا۔

 

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کا ہر بچہ کرپشن سے نفرت کرتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ جمہوری ری سیٹ کے ذریعے پارلیمان پر عوام کا اعتماد دوبارہ قائم کیا جائے۔ ان کے مطابق غیر مصدقہ الزامات اور انتقامی کارروائیوں کے بجائے ملک کے حالات بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات ہونے چاہئیں۔

 

انہوں نے کہا کہ حکومت، اپوزیشن اور عوام کا موجودہ نظام پر اعتماد بحال کرنا ہوگا۔ پاکستان میں قومی اتحاد اور اتفاق رائے کا ایسا ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے جس میں تمام سیاسی قوتیں ملک کی بہتری کے لیے مشترکہ جدوجہد کرسکیں۔

 

بلاول بھٹو زرداری نے تمام بڑے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متحدہ قومی محاذ قائم کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ معاشی بحران ہو یا جنگ جیسی صورتحال، متحد پاکستان ہر مشکل کا بہتر انداز میں مقابلہ کرسکتا ہے۔

 

انہوں نے مصنوعی ذہانت کے ممکنہ اثرات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ مستقبل میں نئی ٹیکنالوجی کے باعث کوئی بحران پیدا ہو تو قومی یکجہتی کے ذریعے اس کا بھی سامنا کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان کو ایسا ملک بنانا ہوگا جو ہر نئی مشکل اور آفت کے مقابلے میں متحد رہے۔

 

چیئرمین پیپلز پارٹی نے خبردار کیا کہ اگر سیاسی جماعتیں اور معاشرے کے مختلف طبقات آپس میں لڑتے رہے تو ملک مزید کمزور ہوگا۔ ان کے مطابق امید کی جگہ نفرت اور تقسیم کو فروغ دینے سے قومی مسائل حل کرنے کی صلاحیت متاثر ہوگی۔

 

بلاول بھٹو نے کہا کہ آنے والی نسلیں موجودہ قیادت سے سوال کریں گی کہ انہیں مشکلات سے بچانے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اصل کامیابی وہ ہوگی جس کے ثمرات پاکستان کے عوام تک پہنچیں۔

 

سیلاب متاثرین کی بحالی سے متعلق منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں متاثرہ خاندانوں کے لیے 10 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا گیا اور ہاؤسنگ سکیم کے ذریعے 10 لاکھ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوئے۔

 

بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا کہ 10 لاکھ گھروں کی تعمیر سے ایک اہم ریکارڈ قائم ہوا اور رہائش کی سہولت ملنے کے بعد متاثرہ خاندانوں کو معاشی مشکلات سے نکلنے میں مدد ملی۔

 

سندھ یوتھ کارڈ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس اقدام کے ذریعے صوبے کے نوجوانوں کو مختلف سہولیات تک رسائی حاصل ہوگی۔ انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے چھوٹے کسانوں کو فراہم کی جانے والی مالی معاونت کا بھی ذکر کیا۔

 

چیئرمین پیپلز پارٹی نے سندھ یوتھ کارڈ کو انقلابی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت وفاق اور دیگر صوبوں سے پہلے اس پروگرام کا آغاز کررہی ہے، جس سے سندھ کے نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

 

بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ معاشی مشکلات کا مقابلہ کرنے، جمہوری اداروں پر اعتماد بحال کرنے اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے سیاسی اتحاد اور عوامی مفاد پر مبنی فیصلے ناگزیر ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں