Pakistan

کوہاٹ پولیس کا تحفظ کے لیے احتجاج، ڈی پی او سے مذاکرات کامیاب، مظاہرہ ختم

کوہاٹ پولیس کا تحفظ کے لیے احتجاج، ڈی پی او سے مذاکرات کامیاب، مظاہرہ ختم
۱ منٹ پہلے

کوہاٹ میں پولیس اہلکاروں نے دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف اپنے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا، تاہم ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) رائے مظہر کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد مظاہرہ ختم کردیا گیا۔

 

احتجاج میں شریک پولیس اہلکاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں، لیکن مسلسل حملوں اور ساتھی اہلکاروں کی شہادتوں کے باعث خود عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

 

مظاہرین کا کہنا تھا کہ آئے روز دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں پولیس اہلکار جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں، اس لیے ان کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

 

احتجاج کے دوران کوہاٹ پولیس کے سیکڑوں جوان کچہری چوک پر جمع ہوگئے اور چوک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا، جس کے نتیجے میں گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہوئی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

 

بعد ازاں ڈی پی او کوہاٹ رائے مظہر نے احتجاج کرنے والے پولیس اہلکاروں سے مذاکرات کیے، جن میں ان کے تحفظ اور دیگر مطالبات پر بات چیت ہوئی۔

 

مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد پولیس اہلکاروں کے تمام مطالبات تسلیم کرلیے گئے، جس پر مظاہرین نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

 

احتجاج ختم ہونے کے بعد کچہری چوک کو دوبارہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا اور گاڑیوں کی آمدورفت بحال ہوگئی۔

 

پولیس اہلکاروں کا احتجاج ضلعی پولیس قیادت کے ساتھ معاملات طے پانے کے بعد اختتام پذیر ہوا، تاہم تسلیم کیے گئے مطالبات پر عمل درآمد کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں