Pakistan

اے آئی پلیٹ فارم سے کالج کو بم دھماکے کی دھمکی، طالبعلم گرفتار

اے آئی پلیٹ فارم سے کالج کو بم دھماکے کی دھمکی، طالبعلم گرفتار
۱ منٹ پہلے

نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے مصنوعی ذہانت کے پلیٹ فارم کے ذریعے تعلیمی ادارے کو بم دھماکے اور آتشزدگی کی دھمکیاں دینے کے الزام میں ایک طالبعلم کو گرفتار کرلیا۔ تکنیکی تحقیقات کے دوران متعلقہ اکاؤنٹ کے آئی پی ریکارڈز کا تعلق لاہور سے سامنے آیا، جبکہ کارروائی کے دوران کوئی دھماکہ خیز مواد یا اسلحہ برآمد نہیں ہوا۔

 

این سی سی آئی اے کے ترجمان کے مطابق تعلیمی ادارے کو موصول ہونے والی دھمکیوں سے متعلق معلومات بین الاقوامی تعاون کے ایک چینل کے ذریعے فراہم کی گئیں، جن کی بنیاد پر ایجنسی نے باقاعدہ انکوائری شروع کی۔

 

ترجمان نے بتایا کہ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے مصنوعی ذہانت کے پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے ایک کالج کو کیمیکلز کے ذریعے دھماکے سے اڑانے اور اس کی عمارت کو آگ لگانے کی دھمکی دی تھی۔

 

معاملے کی حساسیت کے پیش نظر تکنیکی شواہد کا جائزہ لیا گیا، جس کے دوران دھمکی سے منسلک اکاؤنٹ کے آئی پی ریکارڈز لاہور سے متعلق پائے گئے۔ ان معلومات کی بنیاد پر مزید کارروائی کی گئی۔

 

این سی سی آئی اے کے مطابق چھاپے کے دوران ایک موبائل فون قبضے میں لیا گیا۔ برآمد شدہ ڈیوائس کی جانچ پڑتال پر متعلقہ ای میل اکاؤنٹ لاگ ان حالت میں موجود پایا گیا۔

 

ترجمان نے مزید بتایا کہ جس اے آئی پلیٹ فارم کے ذریعے مبینہ دھمکی دی گئی تھی، اس نے تشدد سے متعلق اپنی پالیسی کی خلاف ورزی پر مذکورہ اکاؤنٹ کی رسائی پہلے ہی منسوخ کردی تھی۔

 

ایجنسی نے واضح کیا کہ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے کوئی دھماکہ خیز مواد یا اسلحہ برآمد نہیں ہوا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور واقعے کے مختلف پہلوؤں پر مزید تفتیش جاری ہے۔

 

دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ سائبر فراڈ نیٹ ورکس کے خلاف ادارے کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہے اور سائبر جرائم سے متعلق شکایات پر کارروائی کی جاتی ہے۔

 

ڈی جی این سی سی آئی اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی سائبر جرم کی اطلاع ہیلپ لائن 1799 پر دیں یا شکایت درج کرانے کے لیے اپنے قریبی این سی سی آئی اے سرکل سے رجوع کریں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں