وزیراعظم شہباز شریف سے محسن نقوی کی ملاقات، امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ
وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی صورتحال اور امن و امان سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو ملک میں سکیورٹی اور امن و امان کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور محسن نقوی نے ملکی حالات اور امن و امان کے معاملات پر گفتگو کی، جبکہ وزیر داخلہ نے اس حوالے سے وزیراعظم کو بریفنگ دی۔
اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے بھی ملاقات کی تھی، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی اور انتظامی صورتحال زیر بحث آئی۔
ملاقات کے موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ براہ راست عوام کو سہولیات فراہم کرنے، بہتر طرز حکمرانی، انتظامی کارکردگی اور پاکستان کے مستقبل سے جڑا ہوا ہے۔
مسلم لیگ (ق) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کے ساتھ ساتھ موجودہ انتظامی یونٹس کو مضبوط اور بااختیار بنانا بھی حکومتی امور میں بہتری لانے کا مؤثر راستہ ثابت ہوسکتا ہے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ ملک میں تمام اہم فیصلے عوام کی خواہشات اور منشا کو سامنے رکھتے ہوئے کیے جائیں۔
دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی کے ایک وفاقی وزیر سے متعلق گزشتہ روز دیے گئے بیان نے بھی توجہ حاصل کی تھی، جس میں انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر اپنے خلاف ہونے والی تنقید پر سخت ردعمل ظاہر کیا تھا۔
محسن نقوی نے کہا تھا کہ ایک وفاقی وزیر مسلسل ان کے خلاف بیانات دے رہے ہیں اور اگر انہوں نے جواب دینا شروع کیا تو متعلقہ وزیر کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔
تاہم وزیر داخلہ نے اپنے بیان میں متعلقہ وفاقی وزیر کی شناخت ظاہر نہیں کی تھی۔