واٹس ایپ میں سنگین سکیورٹی خامیوں کا انکشاف، نیشنل سرٹ کا فوری اپ ڈیٹ کا الرٹ
نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے واٹس ایپ اور واٹس ایپ بزنس میں سنگین سکیورٹی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے صارفین کو فوری طور پر ایپلی کیشنز اپ ڈیٹ کرنے اور مشکوک پیغامات سے محتاط رہنے کی ہدایت کردی۔
کابینہ ڈویژن کے ماتحت کام کرنے والے ادارے کی جانب سے جاری سائبر سکیورٹی ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ ان خامیوں سے اینڈرائیڈ، آئی او ایس، ونڈوز اور میک ڈیسک ٹاپ پر استعمال ہونے والے واٹس ایپ کے مختلف ورژنز متاثر ہوسکتے ہیں۔
ایڈوائزری کے مطابق جعلی آرڈر کی تفصیلات پر مشتمل مخصوص پیغامات کے ذریعے صارفین کی ڈیوائسز میں موجود مقامی فائلیں حذف ہونے اور چیٹ ڈیٹابیس سے متعلق معلومات افشا ہونے کا خدشہ ہے۔
نیشنل سرٹ نے بتایا کہ شناخت کی گئی خامیوں میں سے ایک میٹا اے آئی کے سرٹیفکیٹ کی تصدیق کے نظام سے متعلق ہے، جبکہ ایک دوسری خامی حملہ آوروں کو صارف کی ڈیوائس کا آئی پی ایڈریس معلوم کرنے کا موقع فراہم کرسکتی ہے۔ اس خامی کو سپیم پیغامات کے ذریعے استعمال کیے جانے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ بعض سکیورٹی خامیوں کے باعث حملہ آور کی جانب سے بھیجا گیا میڈیا یا یو آر ایل صارف کی ڈیوائس پر چلنے کا خطرہ موجود ہے، جس سے ڈیوائس اور اس میں محفوظ معلومات کی سکیورٹی متاثر ہوسکتی ہے۔
اسی طرح واٹس ایپ کے ونڈوز ورژن میں ایک ایسی خامی کی بھی نشاندہی کی گئی ہے جس کے ذریعے نقصان دہ فائل عام دستاویز کے طور پر ظاہر ہوسکتی ہے اور صارف کے اسے کھولنے پر چلائی جاسکتی ہے۔
ممکنہ سائبر حملوں سے بچاؤ کے لیے نیشنل سرٹ نے ہدایت کی ہے کہ واٹس ایپ اور واٹس ایپ بزنس کے تازہ ترین ورژنز صرف آفیشل ایپ سٹورز سے انسٹال کیے جائیں اور غیر سرکاری یا تبدیل شدہ ایپلی کیشنز استعمال کرنے سے گریز کیا جائے۔
ادارے نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ نامعلوم افراد کی جانب سے موصول ہونے والے آرڈر کی تفصیلات پر مشتمل پیغامات، مشکوک اشتہارات اور کلک ٹو واٹس ایپ لنکس پر کلک نہ کریں، کیونکہ ایسے پیغامات ممکنہ سائبر حملوں کے لیے استعمال ہوسکتے ہیں۔
ایڈوائزری میں واٹس ایپ کی سیٹنگز میں میڈیا آٹو ڈاؤن لوڈ کا آپشن بند رکھنے کی بھی سفارش کی گئی ہے تاکہ تصاویر، ویڈیوز اور دیگر فائلیں صارف کی اجازت کے بغیر خودکار طور پر ڈاؤن لوڈ نہ ہوں۔
نیشنل سرٹ نے مزید ہدایت کی ہے کہ مشکوک اکاؤنٹس کو فوری طور پر بلاک اور رپورٹ کیا جائے، جبکہ غیر متوقع پیغامات اور نامعلوم لنکس کھولنے سے پہلے ان کی تصدیق کو یقینی بنایا جائے۔