آٹا سستا کرنے کا فیصلہ، مریم نواز کا سپلائی دگنی اور کریک ڈاؤن کا حکم
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے صوبے بھر میں گندم اور آٹے کی سپلائی دگنی کرنے کی ہدایت کردی، جبکہ سپلائی میں اضافے کے تین روز بعد مہنگے داموں آٹا فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم بھی دے دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پنجاب میں گندم اور آٹے کی دستیابی اور قیمتوں کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے آٹے کے نرخوں میں اضافے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو قیمتیں کنٹرول کرنے کا ٹاسک سونپ دیا۔
اجلاس کے دوران آٹے کی زیادہ سے زیادہ فروخت کی قیمت مقرر کرنے کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ مارکیٹ میں قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جاسکیں۔
مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ گندم اور آٹے کی سپلائی فوری طور پر دگنی کی جائے تاکہ مارکیٹ میں دستیابی بہتر ہو اور قیمتوں میں کمی لائی جاسکے۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ سپلائی دگنی ہونے کے تین دن بعد بھی زیادہ قیمت پر آٹا فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آٹے کی قیمتوں میں من مانی کرنے والے مافیاز کو کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈالیں۔
مریم نواز شریف نے عوام کو سستی گندم اور آٹے کی فراہمی کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اپنا وعدہ ہر صورت پورا کرے گی اور آٹے کے نرخ قابو میں رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔