Pakistan

این سی سی آئی اے کی لاہور اور گوجرانوالہ میں کارروائیاں، 14 ملزمان گرفتار

این سی سی آئی اے کی لاہور اور گوجرانوالہ میں کارروائیاں، 14 ملزمان گرفتار
۱ منٹ پہلے

نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے گوجرانوالہ اور لاہور میں سائبر جرائم کے خلاف کارروائیوں کے دوران 14 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے لیپ ٹاپس، سی پی یوز اور موبائل فونز سمیت 13 ڈیجیٹل ڈیوائسز برآمد کی گئیں۔

 

ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق آن لائن رومانس سکیم کے ذریعے خاتون سے 58 لاکھ روپے سے زائد کا فراڈ کرنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کرکے موبائل فونز اور ایک گاڑی برآمد کرلی گئی۔

 

ملزمان نے ٹک ٹاک پر خاتون سے دوستی کے بعد ہیرے کی انگوٹھی بھیجنے کا جھانسہ دیا اور ایف آئی اے و کسٹمز کے جعلی افسر بن کر خاتون سے رقم وصول کی۔

 

این سی سی آئی اے نے لاہور میں غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جعلی ٹیلی کام آفرز کے ذریعے غیر ملکی شہریوں سے فراڈ کرنے والے 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

 

ترجمان کے مطابق ملزمان کو لاہور کی لنک روڈ سے گرفتار کیا گیا، جو کارڈنگ اور جعلی مالی لین دین میں بھی ملوث پائے گئے۔

 

بین الاقوامی سطح سے موصول ہونے والی رپورٹس کی بنیاد پر بچوں سے متعلق قابل اعتراض مواد پھیلانے کے الزام میں 3 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔

 

سوشل میڈیا پر ریاست مخالف اور نفرت انگیز مواد پھیلانے کے الزام میں مزید 2 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔

 

این سی سی آئی اے نے تعلیمی ادارے کو بم کی جھوٹی دھمکی دینے والے طالبعلم کو بھی گرفتار کرلیا، تاہم اس کے قبضے سے کوئی دھماکہ خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں