World

ایران کی قومی سلامتی اور دشمن کے خطرات سے نمٹنے کیلئے آبادی میں اضافہ ناگزیر ہے، مجتبیٰ خامنہ ای

ایران کی قومی سلامتی اور دشمن کے خطرات سے نمٹنے کیلئے آبادی میں اضافہ ناگزیر ہے، مجتبیٰ خامنہ ای
۱ منٹ پہلے

ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے آبادی میں اضافے کو قومی سلامتی سے جوڑتے ہوئے اسے ملک کے لیے ناگزیر قرار دیا ہے۔

 

مجتبیٰ خامنہ ای نے قومی آبادی ایوارڈ کی چوتھی تقریب کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کیا۔

 

اپنے بیان میں ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ آبادی میں اضافہ قومی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے، سائنسی، ثقافتی، اقتصادی اور سماجی مواقع پیدا کرنے اور ان کے فروغ میں انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے، جبکہ دشمن کے خطرات اور مذموم عزائم کا مقابلہ کرنے کے لیے بھی آبادی میں اضافہ اہم ہے۔

 

انہوں نے کم عمری میں شادی کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے خاندان کو مرکزی حیثیت دینے والے معاشرتی کلچر کے فروغ پر بھی زور دیا۔

 

واضح رہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای نے رواں سال مارچ کے اوائل میں اپنے والد علی خامنہ ای کی جگہ ایران کے سپریم لیڈر کا منصب سنبھالا تھا۔

 

علی خامنہ ای رواں سال فروری میں امریکی اور اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں شروع ہونے والی جنگ کے ابتدائی فضائی حملوں میں مارے گئے تھے۔

 

مجتبیٰ خامنہ ای سپریم لیڈر کا منصب سنبھالنے کے بعد سے اب تک عوامی سطح پر منظر عام پر نہیں آئے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں