World

جنگ سے ایران کو جھکایا نہیں جاسکتا، عوام سے دوری دشمن کو فائدہ دے گی، پزشکیان

جنگ سے ایران کو جھکایا نہیں جاسکتا، عوام سے دوری دشمن کو فائدہ دے گی، پزشکیان
۱ منٹ پہلے

 ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ جنگ اور فوجی طاقت کے ذریعے ایران کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا، تاہم حکومت اور عوام کے درمیان فاصلے پیدا ہونے کی صورت میں دشمن کو ملک کمزور کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔ انہوں نے عوام سے مسلسل رابطے اور ان کے مسائل کے حل کو حکومت کی بنیادی ذمہ داری قرار دیا۔

 

اپنے بیان میں ایرانی صدر نے کہا کہ ایران کے عوام نے مشکل حالات میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے اور حکومت ان کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔

 

مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ہم عوام پر حکمرانی کرنے کے لیے اقتدار میں نہیں آئے بلکہ ہمارا مقصد ان کی خدمت کرنا اور ان کی مشکلات دور کرنا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران ملک کو چلانے میں عوام نے بنیادی کردار ادا کیا، اس لیے حکومتی عہدیداروں کو کبھی عوام سے دور نہیں ہونا چاہیے۔ شہریوں کے ساتھ رابطہ برقرار رکھنا اور ان کے مسائل کا حل تلاش کرنا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

 

ایرانی صدر نے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دشمن جنگ یا طاقت کے استعمال سے ایران کو سرنگوں نہیں کرسکتا، البتہ عوام اور حکومت کے درمیان دوری پیدا ہونے سے ایسی کمزوریاں جنم لے سکتی ہیں جن سے مخالف قوتیں فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گی۔

 

مسعود پزشکیان نے جنگ کے دوران جان سے جانے والے سائنس دانوں اور فوجی کمانڈروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان میں بعض شخصیات ایسی بھی تھیں جن کے پاس اپنا گھر تک نہیں تھا۔

 

ایرانی صدر نے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پڑوسی ملکوں کے ساتھ تعمیری روابط قائم کرکے زمینی راستوں کو متبادل تجارتی گزرگاہوں کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ علاقائی تعاون اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ رابطوں کو فروغ دے کر ایران کے لیے تجارت کے مزید راستے پیدا کیے جاسکتے ہیں، جبکہ عوامی فلاح و بہبود پر توجہ برقرار رکھنا بھی ضروری ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں