Pakistan

190 ملین پاؤنڈ کیس، عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں کی لائیو سٹریمنگ کی درخواست مسترد

190 ملین پاؤنڈ کیس، عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں کی لائیو سٹریمنگ کی درخواست مسترد
۱ منٹ پہلے

اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں کی لائیو سٹریمنگ کی درخواست مسترد کردی۔

 

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہا کہ معاملہ ایڈمنسٹریشن کمیٹی کے پاس ہے اور ابھی قواعد و ضوابط طے ہونا باقی ہیں۔

 

بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت سے قواعد و ضوابط بننے تک اپیلوں کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی۔

 

جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ آپ مجھے ڈکٹیٹ نہیں کرسکتے، اس عدالت میں کیا ہونا چاہیے اور کیا نہیں، یہ میرا کام ہے۔ سماعت اوپن کورٹ میں ہورہی ہے، آپ دلائل شروع کرنے سے کیوں ہچکچا رہے ہیں؟

 

بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ مقدمے میں شہزاد اکبر، فرحت شہزادی اور زلفی بخاری سمیت دیگر ملزمان غیر حاضر رہے، جبکہ عدالت نے صرف 2 ملزمان کی حد تک مقدمے کی کارروائی آگے بڑھائی۔

 

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ رقم قومی خزانے میں جانے کے بجائے 4 سال تک سپریم کورٹ کے پاس رہی اور سپریم کورٹ کی سرمایہ کاری سے دگنی ہوگئی، نقصان کہاں ہوا ہے؟

 

بیرسٹر سلمان صفدر نے مزید کہا کہ قومی خزانے کو نقصان اس مقدمے کے ذریعے پہنچا، جس میں مہنگی ترین پراسیکیوشن کی گئی۔ نیب کا مقدمہ یہ ہوتا ہے کہ پیسہ ملک سے باہر چلا گیا، یہاں تو پیسہ ملک میں آرہا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں