وزیراعظم کا نجکاری تیز کرنے، مزید خسارے والے اداروں کی نشاندہی کا حکم
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں سرکاری ملکیتی اداروں اور املاک کی نجکاری کے عمل میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ غیر فعال سرکاری اداروں اور املاک کی نجکاری ملکی معیشت کی بہتری، قومی خزانے پر بوجھ کم کرنے اور معاشی استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی نجکاری سے قومی وسائل عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سرکاری اداروں کی نجکاری کا عمل مزید تیز کیا جائے اور تمام منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ قانونی رکاوٹوں کو نجکاری کے عمل میں تاخیر کا سبب نہ بننے دیا جائے اور ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعظم نے خسارے میں چلنے والے مزید سرکاری اداروں کی نشاندہی کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ انہیں نجکاری کے عمل میں شامل کیا جاسکے۔
اجلاس میں نجکاری کمیشن کے تحت سرکاری اداروں کی نجکاری کے جاری منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) بشمول آئیسکو، لیسکو، گیپکو اور دیگر اداروں کی نجکاری کے عمل پر بریفنگ دی گئی۔
زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ اور سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کی نجکاری سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ نجکاری کے تمام جاری منصوبے طے شدہ شیڈول کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں۔
اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (پی تھری اے) سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اصلاحاتی پالیسی کے تحت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کو نجکاری کمیشن میں ضم کرنے کا بل منظوری کے لیے پارلیمنٹ میں پیش کردیا گیا ہے۔
اصلاحات کے بعد اتھارٹی کا کردار مشاورتی خدمات کی فراہمی سے تبدیل ہو کر منصوبوں پر عمل درآمد کا ہوجائے گا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی اس وقت 1352 ارب روپے مالیت کے 15 منصوبوں پر کام کررہی ہے، جن میں ایم 6، ایم 13، ایم 10، گرو نانک ایکسپریس وے، قصر ناز اور کراچی انڈسٹریل پارک شامل ہیں۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی، نجکاری سے متعلق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر محمد فاروق ستار اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔