پمز کے طبی فضلے کی غیر قانونی فروخت، 4272 کلو خطرناک مواد برآمد
پمز ہسپتال کا استعمال شدہ طبی فضلہ تلف کرنے کے بجائے غیر قانونی طور پر فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
ایف آئی اے اسلام آباد زون نے پمز ہسپتال کے استعمال شدہ طبی فضلے کی غیر قانونی خرید و فروخت کے الزامات کی تحقیقات کے بعد چھاپہ مار کر 4272 کلوگرام خطرناک طبی مواد برآمد کیا اور اسے موقع پر تلف کرادیا۔
تحقیقات کے مطابق پمز کے طبی فضلے کو تلف کرنے کا ٹھیکہ ایک کمپنی کو دیا گیا تھا، جو خود یا کسی تھرڈ پارٹی کے ذریعے فضلہ جلانے اور پمز انتظامیہ کو تلفی کے سرٹیفکیٹ فراہم کرنے کی پابند تھی۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ کمپنی نے پمز کے بعض افسران اور اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت سے طبی فضلہ تلف کرنے کے بجائے لاہور کے 5 ٹی بند روڈ پر غیر قانونی طور پر فروخت کیا، جہاں اسے دوبارہ استعمال میں لایا جاتا رہا۔
ایف آئی اے کے اینٹی کرپشن سرکل (اے سی سی) کی ٹیم نے دوران تحقیقات لاہور کے 5 ٹی بند روڈ پر اس مقام کی نشاندہی کی جہاں استعمال شدہ طبی فضلہ فروخت کیا جارہا تھا۔ چھاپے کے دوران ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (ای پی اے) کی ٹیم کو بھی موقع پر طلب کیا گیا، جس نے معائنے کے بعد تصدیق کی کہ طبی فضلہ تلف کرنے کے بجائے غیر قانونی طور پر دوبارہ استعمال کیا جارہا تھا۔
کارروائی کے دوران پمز ہسپتال کی مہروں اور نشانات والا 4272 کلوگرام خطرناک طبی مواد برآمد ہوا، جسے ایف آئی اے کی ہدایت پر ای پی اے کے ذریعے موقع پر جلوا کر تلف کرادیا گیا۔
طبی فضلے کی غیر قانونی فروخت سے فائدہ اٹھانے والے افراد کے مالی ریکارڈ سے بھی غیر قانونی خرید و فروخت کے شواہد حاصل ہوئے ہیں۔
یہ کارروائی اس لحاظ سے انتہائی اہم ہے کہ استعمال شدہ طبی فضلے کی دوبارہ پروسیسنگ اور پلاسٹک مصنوعات کی تیاری میں اس کے استعمال سے ایچ آئی وی، ہیپاٹائٹس اور دیگر موذی امراض پھیلنے کا سنگین خطرہ تھا، جو عوامی صحت کے لیے ایک خاموش مگر مہلک خطرہ بن سکتا تھا۔
ملزمان کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 34، 109، 270، 409 اور قانون انسداد رشوت ستانی 1947 کی دفعہ 5(2) کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
مقدمے کی تحقیقات سب انسپکٹر شہریار کررہے ہیں، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔