World

ذیشان علی کا خلائی سفر، پاک چین بڑھتے تعاون پر بھارت میں بحث چھڑ گئی، میڈیا میں نمایاں کوریج

ذیشان علی کا خلائی سفر، پاک چین بڑھتے تعاون پر بھارت میں بحث چھڑ گئی، میڈیا میں نمایاں کوریج
۱ گھنٹے پہلے

پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی کی چینی خلائی مشن میں شمولیت کی خبر انڈیا میں بھی خاصی توجہ حاصل کررہی ہے، جہاں بڑے اخبارات، ٹی وی چینلز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اس پیش رفت کو نمایاں کوریج دی جارہی ہے۔

 

انڈیا میں بعض ماہرین اور تجزیہ کار اس پیش رفت کو پاکستان اور چین کے درمیان بڑھتے ہوئے خلائی تعاون کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں، جبکہ بعض تبصروں میں اس شراکت داری کے ممکنہ سٹریٹجک اثرات پر تشویش کا اظہار بھی کیا جارہا ہے۔

 

  انڈین ٹی وی چینل ’این ڈی ٹی وی‘ نے اس پیش رفت کو ایک بڑا سفارتی اشارہ قرار دیا ہے۔ چینل نے اپنی ویب سائٹ پر لکھا کہ پاکستان نے انسان کو خلا میں بھیجنے کا اپنا آزاد خلائی پروگرام ترتیب نہیں دیا، تاہم شینژو 24 مشن پاکستان کے لیے تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔

 

چینل کے مطابق پاکستان کے پہلے خلاباز کی چینی خلائی جہاز کے ذریعے تیانگونگ خلائی سٹیشن آمد کی اہمیت محض ایک خلائی مشن سے کہیں زیادہ ہوگی۔ یہ ایک سیاسی بیان، سفارتی اشارہ اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی سٹریٹجک شراکت داری کا دنیا کے سامنے نمایاں مظاہرہ ہوگا۔

 

انڈیا میں یہ بحث ایسے وقت میں ہورہی ہے جب انڈین خلائی تحقیق کے ادارے ’اسرو‘ کو غیریقینی صورتحال کا سامنا ہے۔ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران ادارے سے وابستہ سائنسدانوں اور ملازمین نے اسرو کی ممکنہ نجکاری، راکٹ سازی اور متعلقہ آپریشنز نجی کمپنیوں کو منتقل کرنے کے امکانات اور اپنے مستقبل پر اس کے اثرات کے حوالے سے ادارے کے سربراہ سے باضابطہ تحریری وضاحت طلب کی ہے۔

 

چینی امور کے ماہر ریٹائرڈ بریگیڈیئر انشومان نارنگ نے ایک مضمون میں لکھا کہ چین اور پاکستان برسوں سے اپنی شراکت داری کا ذکر بڑی حد تک شاعرانہ انداز میں کرتے آئے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی کو اکثر پہاڑوں سے اونچی، سمندروں سے گہری اور شہد سے زیادہ میٹھی قرار دیا جاتا ہے، تاہم اب یہ اشتراک زمین کی حدود سے نکل کر خلا تک پہنچ رہا ہے۔

 

دائیں بازو کا رجحان رکھنے والے انڈین ٹی وی چینل ’ٹائمز ناؤ‘ نے طنزیہ انداز میں ذیشان علی کو چین کی پیٹھ پر سوار ہوکر خلا میں پہنچنے والا پہلا پاکستانی خلاباز قرار دیا۔ چینل نے لکھا کہ چینی خلاباز عموماً خلائی سٹیشن پر تقریباً 6 ماہ گزارتے ہیں، جبکہ پاکستانی خلاباز کا یہ مشن صرف ایک ہفتے پر مشتمل ہوگا۔

 

انڈیا میں سوشل میڈیا پر بھی اس پیش رفت کے حوالے سے بحث جاری ہے، جس میں خلائی شعبے میں انڈیا اور پاکستان کی کامیابیوں اور مستقبل کے عزائم کا موازنہ کیا جارہا ہے۔

 

معروف انڈین صحافی راہل شیو شنکر نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ اس پیش رفت کی اہمیت محض خلائی سفر سے کہیں زیادہ ہے۔

 

انہوں نے چینی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ خلائی جہاز صرف خلا میں پرواز نہیں کررہا بلکہ اپنے ساتھ 6 عشروں کی اٹوٹ دوستی کا رشتہ بھی لے کر گیا ہے۔ انڈیا کو اس پیش رفت پر نظر رکھنا ہوگی کیونکہ اس میں ایک گہرا سٹریٹجک پیغام موجود ہے۔

 

راہل شیو شنکر کے مطابق چین نے اپنے انتہائی خفیہ خلائی پروگرام میں ایک پاکستانی خلاباز کو شامل کیا ہے، حالانکہ چین اپنے تکنیکی اور عسکری معاملات میں انتہائی رازداری برتتا ہے اور دوسروں کو ان تک رسائی کی اجازت نہیں دیتا۔

 

انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب امریکا نے چین کے حوالے سے نرم رویہ اختیار کررکھا ہے اور پاکستان کے ساتھ بھی روابط برقرار رکھے ہوئے ہے، انڈیا پاک چین گہرے اشتراک کو نظرانداز کرنے کا متحمل نہیں ہوسکتا، خصوصاً ایسے حالات میں جب یہ تعاون انسانی علوم کی بلند ترین سرحدیں عبور کررہا ہے۔

 

اسی بحث میں حصہ لیتے ہوئے ایک صارف نے ایکس پر لکھا کہ انڈیا میں پہلے پاکستانی خلاباز کے خلا میں جانے کی خبر کو زیادہ اہمیت نہیں دی جارہی کیونکہ انڈیا 1984 میں ہی یہ سنگ میل عبور کرچکا ہے۔

 

صارف نے مزید کہا کہ انڈیا اب 2027 اور 2028 میں اپنے گگن یان مشن کے ذریعے خلابازوں کو خلا میں بھیجنے کی تیاری کررہا ہے۔ خلائی شعبے میں دونوں ممالک کا کوئی مقابلہ نہیں، اس لیے انڈیا کو زبردستی اس بحث میں نہ گھسیٹا جائے۔

 

گنجن کمار نامی صارف نے ایکس پر لکھا کہ کسی پاکستانی خلاباز کے خلا میں جانے کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ پاکستان کے خلائی ادارے نے کوئی بڑی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ انڈیا اپنی تکنیکی صلاحیتیں حاصل کررہا ہے اور اس کا خلائی روور پہلے ہی چاند کی سطح پر اتر چکا ہے۔

 

ایک اور صارف نے انڈیا پر اس پیش رفت کا نوٹس لینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی شراکت داری کو دفاع کے شعبے سے آگے بڑھا کر خلا تک لے گیا ہے۔

 

صارف کے مطابق چین اور پاکستان نے تکنیکی اشتراک کے حوالے سے ایک نیا باب رقم کیا ہے اور اس پیش رفت سے 5 اہم نتائج اخذ کیے جاسکتے ہیں۔

 

پہلا یہ کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی سٹریٹجک شراکت داری کو جدید خلائی ٹیکنالوجی تک وسعت دے رہا ہے۔دوسرا یہ کہ پاکستان کو چین کے خلائی نظام، فنی مہارت اور خلابازی کی تربیت تک رسائی حاصل ہوگئی ہے۔

 

تیسرا یہ کہ خلائی ٹیکنالوجی کا ممکنہ طور پر دوہرا استعمال نیویگیشن، کمیونیکیشن اور سراغ رسانی کے شعبوں میں کیا جاسکتا ہے۔چوتھا یہ کہ چین اپنا عالمی اثرورسوخ بڑھانے کے لیے خلائی سفارت کاری کا استعمال کررہا ہے۔

 

پانچواں یہ کہ انڈیا کو اپنے گگن یان خلائی پروگرام میں تیزی لانے، اسرو کو مضبوط بنانے اور خلائی شعبے میں بین الاقوامی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔

 

اس دوران انڈین نیوز ویب پورٹل ’دی پرنٹ‘ نے ایک مضمون شائع کیا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ چین اور پاکستان مصنوعی سیاروں کا ایک مربوط نیٹ ورک تیار کررہے ہیں، جو انڈین علاقوں کی مسلسل نگرانی کرسکے گا۔

 

رپورٹ میں مصنوعی سیاروں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے والی کمپنی ’دیگانتر‘ کی تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ چین اور پاکستان کے مصنوعی سیاروں کی مربوط سرگرمیوں کے ذریعے انڈین سرزمین کی 24 گھنٹے نگرانی کی جارہی ہے۔

 

انڈیا کی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی اس پیش رفت پر ردعمل دیا ہے۔

 

اپوزیشن جماعت کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے ایک بیان میں کہا کہ چین نے اپنے انتہائی خفیہ خلائی پروگرام میں ایک پاکستانی خلاباز کو شامل کیا ہے، حالانکہ چین عموماً اپنی جدید ٹیکنالوجی اور صلاحیتیں دوسرے ممالک کے ساتھ شیئر نہیں کرتا۔

انہوں نے اس پیش رفت کو چین کی روایتی پالیسی سے ایک اہم انحراف قرار دیا۔پون کھیڑا نے کہا کہ چینی میڈیا نے پاکستانی خلاباز کے خلائی سفر کو 6 عشروں کی اٹوٹ دوستی کا سفر قرار دیا ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایشیا پیسیفک سپیس کوآپریشن آرگنائزیشن کے منصوبے کا بھی حصہ ہے، جس کے تحت ایران اور پیرو کے ساتھ پاکستان میں بھی ایک آبزرویشن سٹیشن قائم کیا گیا ہے۔

 

کانگریس کے ترجمان نے انڈین حکومت پر زور دیا کہ وہ ان پیش رفتوں پر فوری توجہ دے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں