مصر میں آئل ٹینکر میں خوفناک آتشزدگی، 31 افراد جاں بحق، پاکستان کا اظہارِ افسوس
مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ایک مصروف شاہراہ پر آئل ٹینکر کے حادثے کے بعد خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 31 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہوگئے۔
مصر کی وزارت صحت کے مطابق حادثہ قدیم شہر کے مرکز کے شمال میں واقع الوراق کے علاقے میں رنگ روڈ کے ایک حصے پر پیش آیا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں آگ کے بلند شعلے اور سیاہ دھویں کے بادل رات کے آسمان کی جانب اٹھتے دکھائی دیے، جبکہ قریب موجود متعدد گاڑیاں بھی جل کر تباہ ہوگئیں۔
حکام نے تاحال آگ بھڑکنے کی وجہ نہیں بتائی، تاہم مصری سرکاری میڈیا کے مطابق فیول ٹینکر الٹنے کے باعث پٹرول قریب موجود گاڑیوں پر پھیل گیا تھا۔
ابتدائی اندازوں کے مطابق کاروں اور موٹر سائیکلوں سمیت 27 گاڑیاں جل کر تباہ ہوگئیں، جبکہ نقصانات کا تخمینہ لگانے، حادثے کی وجوہات جاننے اور ذمہ داری کا تعین کرنے کے لیے کارروائی جاری ہے۔
علاقائی سرکاری پراسیکیوٹر نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں سے ڈی این اے نمونے حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بدھ کی شام پیش آنے والے حادثے کے بعد جھلسنے اور دھویں سے متاثر ہونے والے افراد کو قریبی ہسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی گئی۔
مصری سرکاری میڈیا نے تحقیقات سے آگاہ ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ نجی ٹھیکیدار کی ملکیت فیول ٹینکر شاہراہ پر سفر کررہا تھا کہ ایک ہائی وولٹیج کیبل اس کے سامنے آگری، جس کے نتیجے میں ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا۔
ٹینکر شاہراہ کی درمیانی حفاظتی پٹی عبور کرنے کے بعد الٹ گیا اور اس میں آگ بھڑک اٹھی۔
جائے وقوع کی تصاویر میں آگ بجھائے جانے کے بعد شاہراہ پر لوگوں کا بڑا ہجوم دکھائی دیا، جبکہ امدادی اداروں نے داخلی راستے بند کررکھے تھے۔
وزارت صحت کے مطابق امدادی کارروائیوں اور متاثرین کی مدد کے لیے 39 ایمبولینسیں روانہ کی گئیں۔ وزارت نے مصری وزیر صحت کی تصاویر بھی جاری کیں، جن میں وہ قاہرہ کے ایک ہسپتال میں زخمیوں کے علاج کی نگرانی کرتے دکھائی دیے۔
مصری سرکاری میڈیا کے مطابق امدادی عملے نے بعدازاں شاہراہ کو صاف کرکے دوبارہ ٹریفک کے لیے کھول دیا۔اس سے قبل جائے وقوع پر ایک بلڈوزر کو جل کر تباہ ہونے والی گاڑیوں کا ملبہ ہٹاتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔
دوسری جانب پاکستان نے مصر میں فیول ٹینکر کے حادثے کے بعد لگنے والی آگ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان غم کی اس گھڑی میں مصر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ قاہرہ میں ٹینکر میں لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے المناک ضیاع پر مجھے گہرا رنج ہے۔ پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے مصری صدر عبدالفتاح السیسی، سوگوار خاندانوں اور مصر کے برادر عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں قاہرہ کے قریب فیول ٹینکر میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے المناک ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
انہوں نے سوگوار خاندانوں، مصر کی حکومت اور برادر عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔اسحاق ڈار نے حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لیے دعا کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں مصر کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔