Entertainment

بھارت میں پاکستانی ڈرامے ’درِ نجات‘ کی سکریننگ منسوخ

بھارت میں پاکستانی ڈرامے ’درِ نجات‘ کی سکریننگ منسوخ
۳۶ منٹ پہلے

بھارت کے شہر بنگلورو میں پاکستانی ڈرامے ’درِ نجات‘ کی طے شدہ سکریننگ سوشل میڈیا پر مخالفت اور تنقید کے بعد منسوخ کردی گئی۔

 

تقریب کے منتظمین نے باضابطہ اعلامیے میں بتایا کہ 28 نومبر 2026 کو ہونے والی سکریننگ منسوخ کردی گئی ہے۔ منتظمین کے مطابق تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد پاکستانی ٹیلی ویژن ڈراموں کی سکریننگ کے لیے تقریبات منعقد نہ کرنے اور ان کی تشہیر نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 

اعلامیے میں شرکا کی محبت، دلچسپی اور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے تقریب کی منسوخی پر معذرت بھی کی گئی۔ منتظمین نے واضح کیا کہ سکریننگ کے لیے پیشگی ادائیگی کرنے والے افراد رقم کی واپسی کے لیے واٹس ایپ پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

 

بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلورو میں ’درِ نجات‘ کی سکریننگ کی منسوخی نے ایک مرتبہ پھر بھارت میں پاکستانی ڈراموں اور تفریحی مواد کی نمائش کو درپیش مشکلات اور اس حوالے سے جاری تنازع کو نمایاں کردیا ہے۔

 

اس سے قبل نئی دہلی کے ایک کیفے میں ڈرامے کی 33ویں قسط کی خصوصی سکریننگ کا اہتمام کیا گیا تھا، جس میں شرکت کے لیے سینکڑوں افراد نے دلچسپی ظاہر کی تھی۔

 

محدود نشستوں کے باعث تقریب میں صرف 45 افراد کو شرکت کی اجازت دی گئی، جبکہ داخلے کے لیے فی کس 899 بھارتی روپے کا ٹکٹ مقرر کیا گیا تھا۔

 

دوسری جانب پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ پر پابندی کے مطالبات بھی بھارت میں بحث کا موضوع بنے ہوئے ہیں۔

 

بھارتی میڈیا کے مطابق آل انڈیا سنے ورکرز ایسوسی ایشن (اے آئی سی ڈبلیو اے) نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ نیٹ فلکس پر پاکستانی سیریز کی بھارت میں نشریات کی اجازت نہ دی جائے۔

 

سیریز 4 دسمبر 2026 کو دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی، جس میں فواد خان، ماہرہ خان، ہانیہ عامر، حمزہ علی عباسی، احد رضا میر، اقرا عزیز، صنم سعید، مایا علی اور خوشحال خان سمیت پاکستان کے کئی معروف فنکار شامل ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں