Pakistan

سیدپور اراضی کیسز، ہائیکورٹ کا سی ڈی اے کو ایک ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم

سیدپور اراضی کیسز، ہائیکورٹ کا سی ڈی اے کو ایک ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم
۱ منٹ پہلے

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے علاقے موضع سیدپور کی اراضی اور متاثرین کی بحالی سے متعلق کیسز میں سنگل بنچ اور ڈویژن بنچ کے الگ الگ فیصلے جاری کردیے۔

 

جسٹس خادم حسین سومرو کی سربراہی میں دو رکنی ڈویژن بنچ نے قرار دیا کہ سرکاری زمین پر جانبداری یا پسند ناپسند کی بنیاد پر کوئی معاہدہ نہیں ہوسکتا۔

 

جسٹس خادم حسین سومرو کے تحریر کردہ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سی ڈی اے آرڈیننس 1960 کے سیکشن 32 کے تحت حاصل کی گئی اراضی سی ڈی اے کی ملکیت میں آچکی ہے۔

 

ڈویژن بنچ نے قرار دیا کہ 25 جولائی 2008 کا خط ازخود اضافی الاٹمنٹ یا دوبارہ بحالی کا قابل نفاذ حق پیدا نہیں کرتا۔

 

عدالت نے کہا کہ 1996 کی بحالی پالیسی کے تحت دہرا فائدہ نہیں دیا جاسکتا اور برسوں پرانے دعوے دوبارہ نہیں کھولے جاسکتے۔

 

ڈویژن بنچ نے اپیل کنندگان کو ہدایت کی کہ بقایا معاوضے یا بحالی کے کسی جائز دعوے کے لیے ڈپٹی کمشنر سی ڈی اے سے رجوع کریں۔

 

دوسری جانب سنگل بنچ کے سامنے متاثرین نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں سنا جائے اور اگر ان کا حق بنتا ہے تو انہیں دیا جائے۔

 

جسٹس انعام امین منہاس نے حکم نامہ جاری کرتے ہوئے سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ متاثرین کو قانون کے مطابق سنا جائے اور اگر ان کا حق بنتا ہے تو انہیں دیا جائے۔

 

سنگل بنچ نے سی ڈی اے کو ایک ماہ کے اندر فریقین کو سن کر قانون کے مطابق شفاف اور منصفانہ انداز میں میرٹ پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا۔

 

عدالت نے ہدایت کی کہ متاثرین کی درخواستوں پر حتمی فیصلے تک درخواست گزاروں کے خلاف کوئی منفی کارروائی نہ کی جائے، جبکہ ان کی پہلے سے سیل کی گئی جائیدادیں فوری طور پر ڈی سیل کردی جائیں۔

 

عدالت نے واضح کیا کہ صرف وہی متاثرین ڈپٹی کمشنر سی ڈی اے سے رجوع کریں جن کا موضع سیدپور میں زمین یا گھروں کا معاوضہ باقی ہے۔

عدالت نے جگہ خالی کروانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کی بھی ہدایت کی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں