Pakistan

بجلی مہنگی ہونے کا امکان، صارفین کو اضافی فیول ایڈجسٹمنٹ کے بوجھ سے بچانے کا فیصلہ

بجلی مہنگی ہونے کا امکان، صارفین کو اضافی فیول ایڈجسٹمنٹ کے بوجھ سے بچانے کا فیصلہ
۱ منٹ پہلے

ملک بھر کے بجلی صارفین پر ایک مرتبہ پھر اضافی مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے، بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 2 روپے 88 پیسے اضافے کی درخواست پر سماعت ہوئی ہے۔

 

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 88 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے اکتوبر کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی درخواست جمع کر رکھی ہے۔

 

سی پی پی اے کے مطابق اکتوبر میں ہائی سپیڈ ڈیزل سے بجلی کی فی یونٹ پیداواری لاگت 69 روپے 59 پیسے، فرنس آئل سے 46 روپے 43 پیسے جبکہ ایل این جی سے 28 روپے 74 پیسے رہی۔

 

حکام نے بتایا کہ نومبر میں پن بجلی کی پیداوار کا حصہ 30.7 فیصد سے کم ہوکر 26.2 فیصد رہ گیا، مقامی کوئلے سے بجلی کی پیداوار کا حصہ 14.8 فیصد سے کم ہوکر 12.7 فیصد جبکہ درآمدی کوئلے سے بجلی کی پیداوار کا حصہ 11.4 فیصد سے بڑھ کر 14.6 فیصد ہوگیا۔ فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار میں 140.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

 

سی پی پی اے حکام کے مطابق گیس سے بجلی کی پیداوار کا حصہ 8.3 فیصد سے بڑھ کر 10.1 فیصد ہوگیا، جبکہ آر ایل این جی سے بجلی کی پیداوار میں 47.9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ جوہری توانائی سے بجلی کی پیداوار کا حصہ 16.8 فیصد سے بڑھ کر 19.5 فیصد ہوگیا، جبکہ ہوا سے بجلی کی پیداوار میں 80.5 فیصد اضافہ ہوا۔

 

حکام نے کہا کہ شمسی توانائی سے بجلی کی پیداوار میں 74.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ایران سے درآمد کی جانے والی بجلی کا حصہ 0.4 فیصد سے بڑھ کر 0.5 فیصد ہوگیا۔ اکتوبر 2026 میں بجلی کی مجموعی پیداوار 10.66 ارب کلو واٹ آور رہی، جبکہ نومبر کے لیے 10.74 ارب کلو واٹ آور پیداوار بتائی گئی ہے۔ ماہانہ بنیادوں پر بجلی کی مجموعی پیداوار میں 0.82 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

 

دوسری جانب حکومت نے بجلی صارفین کو فیول ایڈجسٹمنٹ کے اضافی بوجھ سے بچانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق حکومت نے اکتوبر سے دسمبر 2026 تک فیول ایڈجسٹمنٹ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

ترجمان نے کہا کہ تین ماہ کے لیے فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ میں استحکام لانے اور اکتوبر سے دسمبر تک اس کی مد میں اضافہ 83 پیسے فی یونٹ تک محدود رکھنے کی تجویز ہے۔ تین ماہ کی فیول ایڈجسٹمنٹ سے صارفین کو بجلی کی قیمتوں میں غیر یقینی صورتحال سے تحفظ ملے گا۔

 

ترجمان پاور ڈویژن نے کہا کہ مارچ 2024 میں حکومت نے اقتدار سنبھالا تو بجلی کا اوسط ٹیرف 53 روپے 4 پیسے فی یونٹ تھا۔

 

مارچ 2026 تک بجلی کے قومی اوسط ٹیرف میں 8 روپے 76 پیسے کمی کی گئی، جس کے بعد ٹیرف 53 روپے 4 پیسے سے کم ہوکر 44 روپے 28 پیسے فی یونٹ ہوگیا۔ صنعتی بجلی کا ٹیرف بھی 62 روپے 99 پیسے سے کم ہوکر 44 روپے 50 پیسے فی یونٹ پر آگیا۔ مارچ 2024 سے مارچ 2026 تک صنعتی بجلی کے ٹیرف میں مجموعی طور پر 18 روپے 49 پیسے کمی کی گئی۔

 

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق ایران امریکا جنگ کے باعث عالمی منڈی میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

 

اپریل سے ستمبر 2026 تک بجلی صارفین کو 6 سے 7 روپے فی یونٹ اضافی بوجھ سے بچایا گیا، جبکہ اس عرصے کے دوران فیول اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اوسط اضافہ 2 روپے 38 پیسے فی یونٹ رہا۔

 

ترجمان نے کہا کہ سردیوں میں پن بجلی کی پیداوار کم ہونے سے تھرمل بجلی پر انحصار بڑھ جاتا ہے۔ سردیوں کے بعض مہینوں میں بجلی کی پیداوار میں تھرمل ایندھن کا حصہ 80 فیصد سے بھی تجاوز کرجاتا ہے۔

 

پاور ڈویژن نے فیول ایڈجسٹمنٹ کا نیا فارورڈ لکنگ میکنزم تجویز کردیا ہے، جس کی منظوری کے بعد پاور ڈویژن نیپرا کو نئے میکنزم پر عمل درآمد کے لیے پالیسی گائیڈ لائنز جاری کرے گا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں