اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن میں یکم دسمبر سے نقد لین دین بند
وزیراعظم کے کیش لیس اسلام آباد وژن کے تحت میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد نے یکم دسمبر 2026 سے اپنے تمام دفاتر میں نقد لین دین مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کے چیف آفیسر کیپٹن (ر) اویس افضل نے 25 نومبر کو اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یکم دسمبر سے کارپوریشن کا کوئی بھی ڈائریکٹوریٹ، ونگ یا برانچ نقد رقم وصول نہیں کرے گی۔ ٹیکس، فیس، کرایوں، جرمانوں اور لائسنس فیس سمیت تمام سرکاری ادائیگیاں صرف ڈیجیٹل ذرائع سے قبول کی جائیں گی، جبکہ مقررہ تاریخ کے بعد پے آرڈر، ڈیمانڈ ڈرافٹ اور چیک بھی وصول نہیں کیے جائیں گے۔
انتظامیہ نے ایم سی آئی کے تمام کیش کاؤنٹرز 30 نومبر تک بند کرنے اور دستی رسیدوں کے تمام رجسٹر سیل کرکے متعلقہ اکاؤنٹس دفاتر میں جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
شہریوں کی رہنمائی کے لیے تمام دفاتر میں آن لائن ادائیگیوں کے طریقہ کار سے متعلق آگاہی نوٹس بھی آویزاں کیے جائیں گے۔
تمام ڈائریکٹرز کو فیصلے پر عمل درآمد کی رپورٹ 7 روز کے اندر چیف آفیسر کو جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں خبردار کیا گیا ہے کہ یکم دسمبر کے بعد نقد رقم وصول کرنے والے کسی بھی افسر یا اہلکار کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی، جبکہ احکامات کی خلاف ورزی پر متعلقہ ڈائریکٹر اور دفتر کا سربراہ بھی ذاتی طور پر جواب دہ ہوگا۔