پولیس کی فضل الرحمٰن کی گرفتاری ،نظر بندی کی تردید، لاہور ہائیکورٹ نے سی سی پی او کو طلب کر لیا
لاہور ہائیکورٹ میں پولیس نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی گرفتاری اور نظر بندی کی تردید کردی، تاہم عدالت نے سی سی پی او لاہور کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
جسٹس علی ضیاء باجوہ نے مولانا فضل الرحمان کی بازیابی کے لیے مقامی وکیل ابرار حسین کی دائر درخواست پر سماعت کی۔ سی سی پی او لاہور کی جانب سے سرکاری وکیل فرخ لودھی نے عدالت میں جواب جمع کرایا۔
پولیس نے اپنے جواب میں مؤقف اختیار کیا کہ مولانا فضل الرحمان کو نہ گرفتار کیا گیا ہے اور نہ ہی نظر بند کیا گیا ہے، جبکہ وہ پولیس کو مطلوب بھی نہیں ہیں۔
سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مولانا فضل الرحمان گزشتہ روز کسی کی تعزیت کے لیے گئے تھے۔عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ مولانا فضل الرحمان کے تعزیت کے لیے جانے کا آپ کے پاس کیا ثبوت ہے؟
سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ مولانا فضل الرحمان کی ویڈیوز اور تصاویر موجود ہیں، جس پر عدالت نے متعلقہ ویڈیوز اور تصاویر منگوانے کی ہدایت کی۔
درخواست گزار کے وکیل ابرار حسین نے مؤقف اختیار کیا کہ مولانا فضل الرحمان کو 24 نومبر کو نظر بند کیا گیا تھا، ہم نے بیان حلفی بھی جمع کرایا لیکن پولیس نے محض ایک رپورٹ جمع کرادی۔
جسٹس علی ضیاء باجوہ نے ریمارکس دیے کہ چلیں، آپ کے سامنے سی سی پی او لاہور کو بلا کر پوچھ لیتے ہیں تاکہ ان کا بیان بھی آجائے۔عدالت نے سی سی پی او لاہور کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت دوپہر ایک بجے تک ملتوی کردی۔