Pakistan

اسلام آباد پولیس لائنز میں کم عمر بچی کی ہلاکت، ایف آئی اے افسر کی اہلیہ اور قاری کی اپیل پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد پولیس لائنز میں کم عمر بچی کی ہلاکت، ایف آئی اے افسر کی اہلیہ اور قاری کی اپیل پر فیصلہ محفوظ
۱ منٹ پہلے

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے اسلام آباد پولیس لائنز میں کم عمر بچی کی ہلاکت کے کیس میں ایف آئی اے افسر کی اہلیہ اور قاری کی جانب سے جوڈیشل مجسٹریٹ نائمہ عفت کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

 

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجہ آصف نے اپیل پر سماعت کی، ملزمان کی جانب سے اکمل خان ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

 

دوران سماعت اکمل خان ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ اس کیس میں جوڈیشل مجسٹریٹ نے تفتیشی افسر کا کردار اختیار کر رکھا ہے۔ انہوں نے اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ کے اپنے فیصلے میں تضادات موجود ہیں۔

 

وکیل صفائی نے کہا کہ ہماری اپیل میں دو بنیادی اعتراضات ہیں، ہمارے ثبوتوں کو ریکارڈ پر نہیں لایا جارہا جبکہ جوڈیشل مجسٹریٹ اپنے اختیارات سے تجاوز کررہی ہیں۔

 

اکمل خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے چائلڈ لیبر ایکٹ سمیت دیگر دفعات شامل کرنے کا حکم دیا، حالانکہ یہ چائلڈ لیبر کا کیس نہیں ہے، مقتولہ ایف آئی اے افسر کی بھتیجی ہے۔

 

انہوں نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ پولیس کو اپنی مرضی کے بیانات نہیں مل رہے، جس کی وجہ سے عدالت بار بار احکامات جاری کررہی ہے۔

 

سپیشل پراسکیوٹرز واجد منیر اور محمد وقاص ہرل نے عدالت سے اپیل خارج کرنے کی استدعا کی۔ واجد منیر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ یہ 11 سال اور 11 ماہ کی بچی کو تشدد کرکے قتل کرنے کا کیس ہے۔

 

جج راجہ آصف نے استفسار کیا کہ عدالت کو بتائیں جوڈیشل مجسٹریٹ کا حکم قانونی طور پر کیسے درست ہے؟واجد منیر نے جواب دیا کہ اس حوالے سے سپریم کورٹ سمیت دیگر عدالتوں کے فیصلے موجود ہیں۔ 

 

جوڈیشل مجسٹریٹ کا کردار نگرانی کا ہے اور ایریا مجسٹریٹ نے اپنے اختیارات کے مطابق بالکل درست حکم جاری کیا ہے۔

 

سپیشل پراسکیوٹر نے مزید کہا کہ پولیس کی تفتیش درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں