Pakistan

وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ سے سکھ یاتریوں کے وفد کی ملاقات

وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ سے سکھ یاتریوں کے وفد کی ملاقات
۱ منٹ پہلے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

 

وفاقی وزیر اطلاعات نے اسلام آباد کے معروف سیاحتی مقام دامن کوہ میں پنجابی زبان میں سکھ یاتریوں کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔عطاء اللہ تارڑ نے سکھ یاتریوں سے پنجابی زبان میں بے تکلفانہ گفتگو کی، ملاقات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی۔

 

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دامن کوہ اسلام آباد کے خوبصورت ترین مقامات میں سے ایک ہے، جہاں سے پورے اسلام آباد کی خوبصورتی کا نظارہ کیا جاسکتا ہے۔

 

سکھ یاتریوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی خوبصورتی اور قدرتی حسن اپنی مثال آپ ہے۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ یہ ہمارے لیے خوشی اور فخر کی بات ہے کہ پاکستان میں مقدس مذہبی مقامات موجود ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجود مقدس مقامات کی خدمت کے ساتھ ساتھ ہمیں یاتریوں کی میزبانی اور خدمت کا موقع بھی ملتا ہے۔

 

سکھ یاتریوں نے کہا کہ پاکستان میں سکھ مذہب کی مقدس شخصیات سے منسوب اہم مقامات موجود ہیں، ننکانہ صاحب اور پنجہ صاحب سکھ برادری کے لیے انتہائی مقدس اور تاریخی اہمیت کے حامل مقامات ہیں۔

 

سکھ یاتریوں نے پاکستان میں پرتپاک استقبال اور بہترین مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے اسلام آباد کی خوبصورتی کی بھی تعریف کی۔سکھ یاتریوں کا کہنا تھا کہ ہم جب بھی پاکستان آتے ہیں، یہاں کے لوگ محبت اور خلوص سے ہمارا استقبال کرتے ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں