کراچی میں عمارت گرنے کا واقعہ، اہم افسران عہدوں سے فارغ، 16 معطل
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں عمارت گرنے کے واقعے پر سیکرٹری بلدیات سمیت اہم افسران کو عہدوں سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کراچی کی ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنے کے واقعے سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں سیکرٹری بلدیات اور ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) وسیم شمشاد کو دونوں عہدوں سے ہٹادیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے وفاقی حکومت سے وسیم شمشاد کو معطل کرکے ان کے خلاف انکوائری کی بھی سفارش کی۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے متعلقہ 16 افسران کو معطل کرنے کا حکم دیا، جبکہ عمارت کے مالک اور بلڈر کو گرفتار کرنے سمیت آرکیٹیکٹ اور انجینئر کو شامل تفتیش کرنے کی ہدایت کی۔
ترجمان نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے ڈپٹی کمشنر ایسٹ نصراللہ عباسی اور ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ کو بھی عہدوں سے ہٹادیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے عمارت گرنے کے واقعے پر شدید ناراضگی اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ انکوائری کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا کوئی بھی ملازم ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔