ادارے وینٹی لیٹر پر پہنچ چکے، صورتحال بہتر بنائیں گے: گورنر خیبرپختونخوا
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ہمارے ادارے وینٹی لیٹر پر جا چکے تھے، انہیں اس صورتحال سے نکالیں گے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ ادارے مضبوط ہوں گے تو تمام معاملات بہتر ہوں گے، ادارے وینٹی لیٹر پر نہیں چل سکتے۔
انہوں نے کہا کہ جامعات میں غیر ضروری اور غیر قانونی بھرتیاں کی گئی ہیں، جبکہ محکمہ صحت میں اصلاحات لارہے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ تیمرگرہ میڈیکل کالج برسوں سے بند ہے، ایسے کئی زیر تعمیر ادارے بھی موجود ہیں جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہونے کے باوجود بند پڑے ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں اور شہدا پیکج کو بہتر بنایا جارہا ہے۔ خیبرپختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دی ہیں، صوبے میں پولیس کی استعداد کار بھی بڑھائی جارہی ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ صوبے کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کررہے ہیں، صوبے کی صلاحیتوں کو عوام کی خوشحالی میں بدلنا ہمارا ہدف ہے، جبکہ صوبائی آمدن میں اضافہ ہماری اولین ترجیح ہے۔