پی پی کے طارق مسعود ضلع کونسل باغ کے چیئرمین منتخب، حکومتی امیدوار کو شکست
آزاد کشمیر میں پاکستان پیپلزپارٹی کے سردار طارق مسعود ایڈووکیٹ ضلع کونسل باغ کے چیئرمین منتخب ہوگئے، حکومتی امیدوار سردار جاوید خلیل عباسی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
چیئرمین ضلع کونسل باغ کے انتخاب میں مجموعی طور پر 34 ممبران نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ پیپلزپارٹی کے سردار طارق مسعود نے 16، مسلم لیگ (ن) کے سردار جاوید خلیل نے 15 جبکہ آزاد امیدوار نعیم فاروق نے 3 ووٹ حاصل کیے۔
انتخاب کے لیے پولنگ صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے تک جاری رہی۔پیپلزپارٹی کے امیدوار کی کامیابی کے بعد جیالوں نے جشن منایا اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا۔ پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی سردار ضیاء القمر بھی جشن میں شریک ہوئے۔
سردار ضیاء القمر نے سردار طارق مسعود کو کامیابی پر مبارکباد دی اور ضلع کونسل کے ممبران کا شکریہ ادا کیا۔حکومتی امیدوار سردار جاوید خلیل عباسی کو وزیر حکومت سردار میر اکبر خان اور ممبر کشمیر کونسل مشتاق احمد منہاس کی حمایت حاصل تھی۔